جماعت اسلامی 220

جماعت اسلامی اور بچت بازار ایکشن کمیٹی کا ڈی سی آفس سینٹرل کے دفتر پر دھرنا

جماعت اسلامی اور بچت بازار ایکشن کمیٹی کا ڈی سی آفس سینٹرل کے دفتر پر دھرنا
دیگر اضلاع کی طرح ضلع وسطی میں بھی بچت بازارلگانے کی اجازت دی جائے ، چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کا مطالبہ ضلع وسطی کا یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے خراب ہوا ہے ، ڈاکٹر اسامہ رضی،محمد یوسف و دیگر کا خطاب

کراچی جماعت اسلامی ضلع شمالی اور بچت بازار ایکشن کمیٹی کے تحت اسٹال ہولڈرز کی بڑی تعداد نے ضلع وسطی میں چھوٹے تاجروں اور دوکانداروں کے معاشی قتل اور بچت بازاروں پر پابندی کے خلاف پیر کے روز ڈی سی آفس ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سامنے احتجاجی دھر نا دیا ۔ دھرنے کے شرکاء نے ضلع وسطی میں بچت بازاروں کی اجازت دینے سمیت اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔
دھرنے میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور امیر ضلع شمالی محمد یوسف نے بھی شرکت کی اور دھرنے کے شرکاء سے خطاب کیا ۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کا یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے خراب ہوا ہے ، جب پورے کراچی میں بازار لگنے شروع ہو گئے ہیں تو آخر ضلع وسطی میں کیوں صورتحال ٹھیک نہیں ہو رہی ، ڈپٹی کمشنر کو بد انتظامی ختم کر کے شہریوں کی خدمت کا فریضہ انجام دینا چاہیئے ۔
آخرکب تک چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل ہوتا رہے گا بچت بازار غریب عوام کے لیے سستی ضروریات زندگی کے حصول کا ذریعہ ہیں اور چھوٹے تاجروں کا ذریعہ معاش بھی ہیں شہرکے دیگر اضلاع میں بچت بازار باقاعدگی سے لگ رہے ہیں شاپنگ سینٹر اور مارکیٹیں کھلی ہیں تو پھر ضلع وسطی کے چھوٹے تاجروں کا استحصال کیوں کیا جا رہا ہی جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی آواز بنی ہے اور مظلوموں کو انکا حق دلاکر ہی رہے گی۔
ضلع وسطی کے بچت بازار فوری بحال کیے جائیں اور چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل بند کیا جائے ۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ کورونا کے باعث تاجر اور کاروباری طبقے سمیت ہر شہری پریشان ہے اور اس سے متاثر ہوا ہے ۔ اس صورتحال میں تاجروں کو کاروبار سے روکا گیا تو بے روزگاری سمیت دیگر مسائل میں اضافہ ہو گا ۔ محمد یوسف نے کہا کہ پورے کراچی میں جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرانے کے لیے ان کے حقوقِ دلانے کے لیے عوام کے ساتھ کھڑی ہے،آج کے دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ ضلع وسطی کے بچت بازار بحال کیے جائیں جس طرح کراچی کے دیگر اضلاع میں بچت بازار لگائے جارہے اسی طرح ضلع وسطی میں بھی بچت بازار لگانے کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں دھرنے میں شامل اسٹال ہولڈرز اور جماعت اسلامی ضلع شمالی کے ذمہ داران کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی سے مذاکرات کیے اور اپنے مطالبات اور مسائل سے آگاہ کیا لیکن ڈی سی مذاکرات کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچائے بغیر اُٹھ کر چلے گئے جس کے بعد مظاہرین رات گئے تک دھرنا دیئے بیٹھے رہے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔