اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس آج سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں شروع ہو گا، دو روزہ اجلاس کیلئے مہمانوں کی آمد شروع، اہم فیصلے متوقع،حکومتی و اپوزیشن جلسوں کے مقام تبدیل، حکومت کو پریڈ گرائونڈ اور اپوزیشن کوسیکٹرایچ نائن میں جلسہ کی تجویز، سیکریٹری جنرل،وزرائے خارجہ اور مبصرین اسلام آباد پہنچ گئے،2روزہ اجلاس میں حجاب ، مسئلہ کشمیر، پاکستان بھارت امن عمل، اسلامو فوبیا، افغانستان کی صورتحال پر غورکیا جائیگا،معاشی، معاشرتی، سیاسی، ثقافتی، قانونی امور بھی دیکھے جائیں گے،او آئی سی کی ازسرنو تشکیل اور چارٹر کا بھی جائزہ لیا جائے گا،میر واعظ اور دیگر حریت رہنمائوں کو شرکت کی اجازت نہ مل سکی، کانفرنس میں 150سے زائد قراردادیں منظور ہونے کا امکان ہے،وزیر اعظم عمران خان آج کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے کلیدی خطاب کریں گے،سعودی وزیر خارجہ اجلاس کی صدارت باقاعدہ پاکستان کے حوالے کریں گے،او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کےافتتاحی ،اختتامی سیشن اوپن ہوں گے،ورکنگ گروپس کے بند کمرہ اجلاس ہوں گے، قراردادوں کا جائزہ لیاجائےگا،کشمیرپراو آئی سی رابطہ گروپ کااجلاس ہوگا،اجلاس میں پانچ اگست 2019کے یکطرفہ بھارتی اقدام کوسختی سےمستردکیاجائےگا،کشمیر پررابطہ گروپ کی قرارداد کوحتمی اعلامیے میں شامل کیا جائے گا، افغانستان او آئی سی اجلاس میں خصوصی انتظام کے تحت شرکت کرے گا جبکہ شام کی رکنیت تاحال معطل ہے، افغانستان کی صورتحال پر نمائندہ خصوصی کی رپورٹ پیش کی جائے گی، افغانستان میں او آئی سی کا غیرفعال دفتر بھی کھول دیا گیا ہے۔او آئی سی سیکرٹری جنرل کی جانب سے حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق، نصرت عالم اور دیگر کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم بھارت کی جانب انہیں پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ او آئی سی نے پاکستان میں موجود غلام محمد صفی، سید فیض حسین اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو بھی دعوت دی ہے۔او آئی سی اجلاس کے دوران رابطہ گروپ برائے کشمیر کا وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس بھی ہو گا اور رابطہ گروپ کا اپنا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں 15 ممالک بحیثیت مبصر یا خصوصی حیثیت میں شرکت کریں گے، اب تک او آئی سی وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے 675مبصرین نے تصدیق کر دی ہے۔ معاشی، معاشرتی، سیاسی، ثقافتی، قانونی امور بھی وزارتی کونسل اجلاس میں دیکھے جائیں گے ، اجلاس میں شرکت کے لیے سيکریٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم حسین ابراہیم طحٰہ اور صدر اسلامی بینک ، گیمبیاکے وزیرخارجہ ڈاکٹر میمدو تنگارا سمیت متعدد وزرائے خارجہ اور وفود اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے، وزیرمملکت فرخ حبیب اورعلامہ طاہراشرفی نے سیکریٹری جنرل اوآئی سی کا استقبال کیا۔دریں اثنامالدیپ کے او آئی سی کے مستقبل مندوب محمد خلیل ،بنگلہ دیش کے مستقل مندوب برائے اوآئی سی محمد جاوید پٹواری، آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور محمدوف اوآئی سی،چینی وزیر خارجہ وانگ ژی بھی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔مزید برآں وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے حکومت اور حزب اختلاف کو جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کس کو بھی جلسے کی اجازت ڈی چوک میں نہ دینے کا فیصلہ کرلیاہے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سےحکومتی اور اپوزیشن رہنمائوں کو ریڈ زون کے علاوہ مقامات پر جلسہ کرنے کا کہا گیاجس کے مطابق تحریک انصاف کو پریڈ گرائونڈ اور اپوزیشن کوسیکٹرایچ نائن میں جلسہ کرنے کیلئے کہاگیاہے۔
OIC وزرائے خارجہ کانفرنس آج، مہمانوں کی آمد جاری، اہم فیصلے متوقع، حکومتی و اپوزیشن جلسوں کے مقام تبدیل
- by akhtar