419

MQM سربراہ وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہوگئے

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے جس تعاون کا حکومت سے وعدہ کیا تھا وہ کرتے رہیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم اس وقت نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا، لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں میرے لیے مشکل ہو جاتا ہے کہ میں حکومت میں بیٹھا رہوں، میرا وزارت میں بیٹھنا بہت سارے سوالات کوجنم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا اب وفاقی کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے، تاہم ہم حکومت سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

سربراہ ایم کیو ایم نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں کہیں اور سے بھی وزراتوں کی بات ہوئی تھی، ہم نے وزارت قانون و انصاف نہیں مانگی تھی۔

خالد مقبول نے کہا کہ حکومت سے تعاون برقرار رہے گا لیکن میں وزارت میں نہیں بیٹھوں گا۔