251

دنیا سن لے اہل ایمان قرآن کریم، حضرت محمد ؐ ، عصمت انبیا اور شعائر اسلام پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ملی یکجہتی کونسل

دنیا سن لے اہل ایمان قرآن کریم، حضرت محمد ؐ ، عصمت انبیا اور شعائر اسلام پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ملی یکجہتی کونسل
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسلامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، ، البصیرہ کے سربراہ ثاقب اکبر سمیت اہم رہنماء بھی موجود تھے۔

ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء اور خطیب حضرات سے خطبات جمعہ میں عظمت قرآن کو اجاگر کرنے اور عوام سے قرآن اٹھا کر مظاہروں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناروے میں قرآن کریم جلانے کا واقعہ گستاخی، نفرت اور تعصب کا قبیح فعل ہے، یہ عالمی سطح پر ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، پوری دنیا کے مسلمان اس واقعے پر افسردہ اور صدمے میں ہیں اور نوجوان اسلام سے محبت و عشق کے جذبات رکھتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناروے ایسا ملک ہے جو مثالی جمہوری اور بین المذاہب پر کام کرنے والا یورپی ملک ہے، لیکن اس واقعے نے ناروے کو داغدار کر دیا ہے، یورپ اور امریکا میں آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری مذہبی تعصبات، اشتعال انگیزی اور فساد پیدا کیا جا رہا ہے، مذہب کی توہین اور مقدس ہستیوں کے عزت اور مقام کو مجروح کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر، بنیادی اظہار رائے کے حق کا غلط استعمال ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا سن لے اہل ایمان قرآن کریم، حضرت محمد ؐ ، عصمت انبیا اور شعائر اسلام پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ دنیا مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کرے اور دنیا کو امن کاگہوارا بنایا جائے، وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی سربراہی کانفرنس، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بہت اچھے خطاب کیے، لیکن اس کا کوئی فالو اپ نہیں، کوئی اقدام نہیں اور اپنی ہر اچھی تقریر کے بعد بھی یوٹرن پالیسی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاہب کے درمیان احترام کے تعلق اور انسانی معاشروں میں امن اور یکجہتی کا تقاضا ہے کہ بلا تاخیر عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے مہم اور دبائو بڑھایا جائے، قرآن کریم،ناموس مصطفی ؐ، شعائر اسلام کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مہم جہاں مسلمانوں کے مذہبی حق کو تحفظ دے گی، وہیں عالم اسلام کے اتحاد اور امت کی یکجہتی کا راستہ بھی ہموار کرے گی، ملی یکجہتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں115 دن سے جاری کرفیو لاک ڈائون اور مودی مظالم کی شدید مذمت کرتی ہے، قومی کشمیر پالیسی، قومی قیادت کا متحد ہونا اور سفارتی محاذ پر واضح دوٹوک موقف کا روڈ میپ دینا مسئلہ کشمیر کا حل ہے حکومت کے لیے جہاد فی سبیل اﷲ سے فرار ذلت و رسوائی کا باعث بنے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں جو بحران مسلسل بڑھ رہے ہیں قومی وحدت پارا پارا ہے اس کا واحد علاج ریاست مدینہ کے نظام کے نفاذ میں ہے حکومت اس سے انحراف نہ کرے۔ ملی یکجہتی کونسل اپیل کرتی ہے کہ جمعہ کے روز عظمت قرآن، تحفظ قرآن کے موضوع پر خطیب حضرات خطبات جمعہ کا موضوع بنائیں اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر قرآن کریم اٹھا کر پر امن مظاہرے کیے جائیں۔ ملی یکجہتی کونسل نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ جدید ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا کو عظمت مصطفیؐ و قرآن کو عام کرنے کا ذریعہ بنائیں۔ ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے تحفظ قرآن اور عظمت قرآن پر ایک یادداشت ناروے کے سفارتخانے اور یورپی یونین کے سفیر کو بھجوائی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں شریک قائدین کا کہنا تھا کہ مغرب کا توہین اسلام کے حوالے سے رویہ تضاد پر مبنی اور منافقانہ ہے ایک جانب مغرب کے بہت سے ممالک میں ہولوکاسٹ پر تحقیق اور بات کرنا بھی جرم ہے، جبکہ اس کے برعکس مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، بلکہ ایسا کرنے والوں کو مغربی ممالک میں پناہ دے کر اسلام کے خلاف پروپیگنڈا بھی کیا جاتا ہے، مغرب کو اس روش کو ترک کرنا ہوگا۔ اس موقع پر اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، تنظیم اسلامی کے رہنما ریاض حسین، البصیرہ کے سربراہ ثاقب اکبر، تحریک جوانان پاکستان کے رہنما مفتی عمران سندھو، جمعیت علما اسلام کے رہنما محمد حبیب احمد نظیری، ناصر شیرازی کونسل کے میڈیا کوارڈینیٹر ایس اے شمسی، حافظ شاہد، سید اسد عباس اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں