486

یورپی یونین بدمعاشوں کی پیروی سے پرہیز کرے!

یورپی یونین بدمعاشوں کی پیروی سے پرہیز کرے!
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کے وزیر خارجہ کیساتھ ملاقات میں نصیحت کی ہے کہ یورپی یونین بدمعاشوں کی پیروی سے پرہیز کرے، جبکہ یورپی یونین کیطرف سے جاری ہونیوالی ویڈیو میں دونوں وزرائے خارجہ کو ملاقات کے دوران دیکھا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نئی دہلی میں ہونیوالی رائیسینا ڈائیلاگ کانفرنس کے موقع پر یورپی یونین کے وزیر خارجہ جوزپ بورل کیساتھ ملاقات کی ہے، جس کے دوران انہوں نے یورپ کیطرف سے امریکہ کی اندھی تقلید کئے جانے کیطرف اشارہ کرتے ہوئے جوزپ بورل کو نصیحت کی ہے کہ یورپی یونین کو چاہیئے کہ وہ بدمعاشوں کی پیروی سے دور رہے۔
واضح رہے کہ آج جبکہ جوہری معاہدے سے امریکی یکطرفہ دستبرداری کو ایک سال 9 ماہ ہونے کو ہیں، تاحال یورپی ممالک نے امریکی پابندیوں کے ازالے کیلئے عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا، جبکہ محمد جواد ظریف اس سے قبل بھی خصوصاً برسلز مذاکرات کے دوران یورپی یونین کو امریکہ کی اندھی تقلید پر متنبہ کرچکے ہیں، جب انکا کہنا تھا کہ یورپ کیطرف سے امریکہ کی اندھی تقلید، بین الاقوامی سطح پر یورپی اثر و رسوخ کو ختم کر دینے کا سبب بنے گی۔ دوسری طرف اس ملاقات کے بعد یورپی یونین کے وزیر خارجہ نے اپنی تقریر کے دوران جوہری معاہدے سے امریکی یکطرفہ دستبرداری پر ایک مرتبہ پھر تنقید کی اور کہا کہ اب کوئی نیا اتفاق نظر پیدا کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے