164

یمن کی جنگ امارات تک پہنچ گئی، ابوظبی پر حوثیوں کا مشتبہ ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 جاں بحق

ابوظبی (اے ایف پی) یمن میں جاری جنگ امارات تک پہنچ گئی ، ابوظبی پر حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے کے نتیجے میں تیل کے پیٹرول ٹینکس پھٹنے سے ہونے والے دھماکوں میں ایک پاکستانی شہری سمیت 3افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے دیگر دو بھارتی شہری تھے جبکہ دھماکوں میں 6 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔ یمنی باغیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں فوجی آپریشن کا اعلان کردیا ہے ،متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کو جوابی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ، اماراتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں ان دہشتگرد حملوں اور سنگین جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے ، امریکا ،برطانیہ، فرانس ، سعودی عرب ، بحرین اور کویت سمیت خلیجی ممالک نے ابوظبی پر یمنی باغیوں کے حملے کی مذمت کی ہے ،ابوظبی پر حملے کے جواب میں سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمنی باغیوں کے زیر قبضہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کردیئے ہیں، سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خطرے کے جواب میں فضائی حملے شروع کردیے ہیں،حوثیوں کے ٹی وی چینل نے عرب اتحاد کے حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم حملوں میں کسی نقصان کا نہیں بتایا، سعودی عرب نے کہا ہے کہ حوثیوں کے حملے خطے کو اس دہشتگرد گروپ سے درپیش خطرات کو ظاہر کرتا ہے اور روہ یمن میں موجود اپنےاتحادیوں کیساتھ مل کران کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے ، حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملہ انہوں نے کیا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں اس کی تفصیلات عام کی جائیں گی، حوثی باغیوں کے ایک ترجمان یحییٰ ساری کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے اندر تک‘ حملے کیے جائیں گے، ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے نے حملے میں پاکستانی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ، ادھر ابوظبی کے ایک ایئرپورٹ پر بھی آگ لگنے کی اطلاعات ہیں تاہم اس میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، دریں اثناء اتحاد ائیر ویز کا کہنا ہے کہ ابوظبی ائیر پورٹ پر پروازوں کو عارضی طور پر معطل رکھا گیا تاہم بعد ازاں پروازیں معمول کے مطابق بحال کردی گئی ہیں ، واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے اکثر سعودی عرب پر ڈرون حملے کیے جاتے رہے ہیں لیکن اس کی نسبت متحدہ عرب امارات پر بہت کم حملے کئے گئے ہیں اور ان میں سے اکثر کو اماراتی حکام نے ناکام بنا دیا،برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صنعتی علاقے مسافا میں تیل کی کمپنی ایڈناک کی تیل کے اسٹوریج ایریا میں 3 فیول ٹینکر پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے،ابوظبی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تفتیش میں جائے حادثہ سے ایک طیارے کے کچھ ٹکڑے ملے ہیں جس سے یہ عندیا ملتا ہے کہ دھماکا اور آگ لگنے کے واقعات ممکنہ طور پرڈرون حملے کا نتیجہ ہو سکتے ہیں البتہ کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں