113

ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے‘آخری گیند تک لڑوں گا‘ وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی جبکہ عمران خان نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے‘میری حکومت گرانے کے لیے بھاری رقم بھی دی گئی‘آخری گیند تک لڑوں گا‘ ان کو گراؤنڈ سے باہر نکالوں گا، عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ غیر ملکی سازش کے تحت منتخب حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ اپوزیشن غیر ملکی عناصر کی آلہ کار بنی ہوئی ہے ‘آج میری کامیابی کا امکان 80فیصد ہے جوووٹنگ والے دن تک 100فیصد ہوجائے گا اور اتوار کو ایک لاکھ افراد پارلیمنٹ کے باہر موجود ہوں گے‘ایم کیو ایم جلد واپس آجائے گی اور پھر عدم اعتماد کی بازی پلٹ جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی سربراہی میں میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے مبینہ سازشی خط پر کابینہ کو اعتماد میں لیاجبکہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین نے کہاکہ ہمیں آپ کی قیادت پر اعتماد ہے‘ کابینہ نے خط کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی ذات کے بجائے ملکی مفاد کی سیاست کی‘خط کا تحریک عدم اعتماد سے گہرا تعلق ہے، وزیراعظم نے کہاکہ آخری گیند تک لڑوں گا، ان کو گراؤنڈ سے باہر نکالوں گا، عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن غیر ملکی عناصر کی آلہ کار بنی ہوئی ہے۔ادھر وزیراعظم نے اسلام آباد میں بدھ کو سینئرصحافیوں سے ملاقات کی ہے۔ اہم اتحادیوں کے ساتھ چھوڑنے کے باوجود وزیراعظم نے ملاقات میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج تک ان کی جیت کے امکانات 80فیصد ہیں جبکہ اتوار تک جیت کے امکانات 100فیصد ہوجائیں گے اور اتوار کو ایک لاکھ افراد پارلیمنٹ کے باہر موجود ہوں گے۔ وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ مغربی ممالک آپ کی حکومت سے اتنے نالاں کیوں ہیں؟ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ میں کسی مغربی ممالک کے خلاف نہیں ہوں لیکن اپوزیشن کے رہنما غیرملکی سفارتکاروں کے کان بھرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں