374

کورونا سے نمٹنے کے 3 آپشن سامنے آگئے

کورونا وائرس سے کیسے بچا جائے، کیا طریقہ اختیار کیا جائے، عالمی وبا کو کس طرح شکست سے دوچار کیا جائے، امریکی میگزین دی اٹلانٹک نے 3 آپشن پیش کیے ہیں اور ان آپشنز کا خلاصہ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال نے ناظرین کے سامنے رکھا۔

امریکی جریدے دی اٹلانٹک میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اس عالمی وبا کو فوری طور پر کسی صورت شکست نہیں دی جاسکتی، جب تک دنیا کے ایک شخص میں بھی وائرس موجود رہے گا اس وبا کے پلٹ کر آنے کا خدشہ برقرار رہے گا۔

میگزین نے وائرس سے بچنے کے لیے تین ممکنہ حل بتائے ہیں، جن میں سے ایک تقریباً ناممکن ہے، دوسرا انتہائی خطرناک اور تیسرا بے انتہا طویل اور صبر آزما ہے۔

پہلا حل یہ ہے کہ ساری دنیا ایک ہی وقت میں مکمل لاک ڈاؤن کی طرف چلی جائے، لیکن عملی طور پر یہ ناممکن ہے، دوسرا حل یہ ہے کہ پوری انسانیت کو وائرس کے رحم و کر م پر چھوڑ دیا جائے، تیسرا اور سب سے بہتر حل یہ ہے کہ ویکسین کا انتظار کیا جائے اور ہر ملک اپنے طور پر نقصان کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کرے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورنا وائرس کی ہلاکت خیزی تھم نہیں سکی ہے، اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا سے اموات کی تعداد چین سے زیاد ہوگئی ہے جبکہ امریکا میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

طبی ماہرین کے پاس علاج تو فی الحال نہیں لیکن ایک احتیاط ضرور ہے، تنہائی اختیار کریں، گھر میں رہیں، گھر سے باہر نکلیں گے تو کورونا وائرس سے سامنا ہوگا، جتنے زیادہ لوگ باہر نکلیں گے، اتنا ہی ان کو وائرس لگنے اور آگے پہنچنے کا خطرہ ہو گا۔