162

پی ڈی ایم کا بدھ سے ملک گیر احتجاج کا اعلان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج اور ریلیوں کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، نیب کا ادارہ آمریت کی باقیات میں سے ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیب ہمیشہ اپوزیشن کیخلاف سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہوا ہے، نیب سے احتساب کی کوئی توقع نہیں ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین آر ٹی ایس کا دوسرا نام ہے، جو حکومت خود دھاندلی کےنتیجے میں آئی ہے اس کو ملک میں آزادانہ شفاف انتخابات کا فارمولا دینے کا حق نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈرز کو بند کردیا گیا ہے، جس سے سرحد پر عوام متاثر ہو رہے ہیں، افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر تجارت کے لیے فوری طور پر کھولی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نئے انتخابات چاہتے ہیں، ان ہاؤس تبدیلی کرنی ہوتی تو پیپلز پارٹی کی بات مان لیتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں