103

پہلے اصلاحات پھر الیکشن، فوری انتخابات کا کوئی امکان نہیں، وزیراعظم اور نواز شریف کا ملاقات میں اتفاق، آصف زرداری بھی متفق

لندن (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان ملاقات میں اتفاق پایا گیا ہےکہ ملک میں فوری انتخابات کا کوئی امکان نہیں، پہلے انتخابی اصلاحات لائی جائیں گی پھر الیکشن ہونگے، نوازشریف وزیراعظم شہبازشریف اور کابینہ ارکان کےساتھ آج پریس کانفرنس کرینگے جس میں عمران خان کوہٹانےکی وجوہات، آئندہ الیکشن اورمعاشی بحران سےنمٹنے تیل کی قیمتوں کے بارے میں حکمت عملی سےآگاہ کرینگے۔ ن لیگ کا اجلاس لندن میں نا معلوم مقام پر رکھا گیا،تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ ارکان کے ساتھ لندن میں (ن)لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں عام انتخابات سےمتعلق بھی بات چیت ہوئی اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے جلد انتخابی مطالبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں، جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہونگے۔ ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ معیشت سے متعلق تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائیگا ۔اجلاس کے دوران نواز شریف نے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ن لیگ کو عام انتخابات کیلئے تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ذرائع ن لیگ کے مطابق الیکشن اور آئینی اصلاحات جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا گیا ، عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر وزرا اور ارکان کی کرپشن کو ثبوت کیساتھ عوام کے سامنے لانے اور ن لیگ نے ضلعی سطح پر پارٹی کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں کو خاص اہمیت دی جائے، جلد از جلد آئینی اصلاحات کا عمل مکمل کیا جائے، پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کو پستی کی طرف دھکیلا،مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونیوالے ارکان اسمبلی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ذرائع کےمطابق نواز شریف آج جمعرات کو اہم پریس کانفرنس کرینگے۔ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے اراکین بھی موجود ہونگے۔ جس میں عمران خان کو ہٹانے کی وجوہات بتائینگے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف آئندہ عام انتخابات سے متعلق بھی اہم اعلان کرینگے۔ نوازشریف معاشی بحرانوں سے نمٹنے اور تیل کی قیمتوں بارے بھی حکمت عملی سے آگاہ کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں