پٹرول سستاڈیزل مہنگا پٹرولیم پر لیوی نافذ
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت نے پٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کردیا، جبکہ آئی ایم ایف کی آخری شرط پوری کرتے ہوئے حکومت نے پٹرولیم پر 10 روپے فی لٹر لیوی میں مزید اضافہ کر دیا ہے جس سے پیٹرول پرمجموعی طور پر 20روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور ایکسچینج ریٹ میں اتار چڑھائوکے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 05 پیسے کی کمی کی گئی ہے جسکے ساتھ پٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 227 روپے19 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے95 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے95 پیسے کر دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر4 روپے 62 پیسے کا اضافہ کیا ہے جسکے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201 روپے07 پیسے مقرر اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں12 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 191روپے 32 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےجس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے کے بعد یکم اگست سے ہوگا۔ نمائندہ جنگ کے حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق پیٹرول پر 10 روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کر دیا ہے جس سے پیٹرول پرمجموعی طور پر 20روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہو گئی ہے، پیٹرول کی قیمتو ںمیں 13روپے فی لٹر کمی کی جانی تھی لیکن 10روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی عائد کیے جانے سے یہ کمی 3روپےپانچ پیسے کی گئی اور پیٹرولیم لیوی کو قیمت میں ایڈجسٹ کیا گیا ہے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مزید پانچ روپے فی لٹر لیوی عائد کی گئی ہے جس سےہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی لیوی 10روپے فی لٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر بھی لیوی میں مزید پانچ پانچ روپے فی لٹر اضافہ کیاگیا ، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق پیٹرولیم لیوی کو بتدریج 50روپے فی لٹر تک لے کر جانا ہے۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی سیلز ٹیکس عائد نہیں کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کے نفاذ سے آئی ایم ایف کے ساتھ پیشگی شرائط پر عملدرآمد مکمل کر لیا گیا ہے۔