95

پاکستانی قیادت سے مضبوط تعلقات رہیں گے، وائٹ ہاؤس، بائیڈن کے فون پر پیش گوئی سے انکار

واشنگٹن (نیوز) وائٹ ہائوس ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت سے مضبوط تعلقات رہیں گے، تاہم، انہوں نے جوبائیڈن کے فون پر پیش گوئی سے انکار کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک مسلسل رابطوں میں ہیں، پھلتا پھولتا پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے، انہیں پاکستان کے داخلی امور پر رائے کا حق نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق، وائٹ ہائوس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائڈن کی جانب سے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو کب فون کیا جائے گا، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں وائٹ ہائوس کی ترجمان جین سیکی کا کہنا تھا کہ فی الحال وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتیں کہ امریکی صدر جوبائڈن کب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کریں گے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مسلسل رابطوں میں ہیں۔ ہم متعدد امور پر قریبی رابطوں میں ہیں۔ پاکستان میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں پر ردعمل دیتے ہوئے وائٹ ہائوس ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پرامن آئینی اور جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔ جب کہ ہم کسی ایک سیاسی جماعت کو دوسری سیاسی جماعت پر ترجیح دینے کی حمایت نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا قانون کے تحت برابری کی بنیاد پر انصاف کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ جمہوری پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھنے کے حق میں ہیں جو کہ امریکا کے مفاد میں ہے۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی قطع نظر اس سے کہ ملک کا سربراہ کون ہوگا۔ دی نیوز کو جواب دیتے ہوئے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا کو پاکستان کے داخلی امور میں رائے دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پاکستان کی صورت حال سے متعلق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا ، پاکستان کے ساتھ طویل تعاون کی قدر کرتا ہے اور ہمیشہ ہی جمہوری پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں