Capt Safdar Bail after arrest 204

مزار قائد بے حرمتی کیس: عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت پر رہا کردیا

عدالت نے مزار قائد بے حرمتی کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اُنہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ تاہم وقت ختم ہونے کے باعت عدالت نے کیپٹن صفدر کے وکلاء کو مچلکوں کی جگہ ایک لاکھ روپے نقد جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا تھا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں شدید بے نظمی دیکھنے میں آئی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے وکلا آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کے خلاف بریگیڈ تھانے میں درج مقدمے میں مریم نواز سمیت 200 نامعلوم افرادکو نامزد کیا گیا ہے، جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات بھی مقدمے میں شامل کی گئیں، مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے اہلکار ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر آئے، انہیں دوائیں لے جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی، ایک لمحے کے لیے بھی ایسا نہیں لگا یہ سندھ حکومت کی کارروائی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جانتی ہوں ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے سے کس کو ڈر لگتا ہے؟، اتنے لوگوں میں قتل کی دھمکی کی آواز کیسے آگئی؟۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدالت سے مفرور شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، کیپٹن صفدر کو پہلے سے دھمکیاں مل رہی تھیں کہ نہیں چھوڑیں گے، وہ یہاں بیٹھی ہیں، ہمت ہے تو گرفتار کرلیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اور صفدر کراچی سے لاہور ساتھ جائیں گے۔