لاپتا فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا
راولپنڈی (اے پی پی) لاپتہ فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر12کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام6افسران و جوان شہید،ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، 12کورکے انجینئر بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہ، چیف نائیک مدثر شہداء میں شامل، حادثے کے وقت حد نگاہ کم ہوگئی تھی، بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ کراچی سے 45کلو میٹر دور لسبیلہ کے علاقہ وندر موسیٰ گوٹھ کے قریب پہاڑی سلسلے سے ملا، صدر، وزیراعظم،سیاسی رہنمائوں نے اظہار افسوس کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں میں مصروف بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقہ وندر موسیٰ گوٹھ سے مل گیا ہے، اس حادثہ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران اور فوجی جوان شہید ہو گئے ، شہید ہونے والوں میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کا کہنا ہےکہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ کراچی سے 45کلو میٹر دورعلاقے سسی پنوں مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ کے قریب درے گئی پہاڑی سلسلے سے ملا ۔بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اورفوجی افسران و جوانوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا،ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹرکو حادثہ پیش آیا،ہیلی کاپٹرکا ملبہ مل گیا ہے اور تمام فوجی افسران و جوان جام شہادت نوش کرچکے ہیں،ایوان صدر کے مطابق آرمی چیف سے گفتگو میں صدر مملکت نے شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کرنے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرنےکا بھی ذکرکیا۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف نےبھی کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت پاک فوج کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ، ہم شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، اللّٰہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نےبھی پاک فوج کے افسران اور جوان کی شہادت کے دلخراش سانحے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اظہار افسوس کیا ،عمران خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے اور اس میں سوار تمام 6 افراد کی شہادت پر افسوس ہوا، شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ دعائیں ہیں اور ان سے تعزیت کرتا ہوں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کو جاننے کا شرف حاصل ہوا، وہ اعلیٰ پیشہ ور افسر اور ایماندار انسان تھے۔