133

عمران خان کا سرپرائز، اولیاء اور درباروں کے عقیدت مند عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

وزیراعظم عمران خان نے بالآخر سرپرائزدیدیا‘اولیاء اور درباروں کے عقیدت مند سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنا دیا ، عبدالقیوم نیازی ایل اے 18عباس پور سے الیکشن جیت کر رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، اس سے پہلے سردار تنویر الیاس ، بیرسٹر سلطان محمود اور خواجہ فارو ق سمیت بعض نام وزارت عظمی ٰ کی دوڑ میں شامل تھے مگر ان میں عبدالقیوم نیازی کانام نہیں تھا تاہم عمران خان نے بڑے نام نظر انداز کرتے ہوئے کشمیری عوام کو سر پرائز دے ڈالا ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے انکی نا مزدگی کا اعلان کیا، گذشتہ روز وزیراعظم کے انتخاب کیلئے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں سردار عبدالقیوم نیازی 33 ووٹ لیکر وزیراعظم منتخب جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نامزد اُمیدوار چوہدری اکبر لطیف کو 15ووٹ ملے‘واضح رہے کہ سردار عبد القیوم نیازی کا تعلق کنٹرول لائن پر واقع گاؤں درہ شیر خان سے ہے‘ سردار عبد القیوم نیازی ’’دولی مغل‘‘ قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور نیازی انکا عرف ہے، سردارعبدالقیوم نیازی اولیاء کرام سے خاص عقیدت رکھتے ہیں ، ان کا شمار شاہ سلیمان نوری حضوری کے خاص مریدین میں ہوتا ہے ،شاہ سلمان نوری حضوری کا مزار پنجاب کے شہر سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں ہے جو سلسلہ قادریہ کے صوفی بزرگ ہیں ۔وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد سردارعبدالقیوم نیاز ی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تحریک آزادی کو منزل پر پہنچا کر دَم لونگا‘آزادکشمیر میں رواداری کی سیاست کو فروغ دینگے ، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ روایت سے ہٹ کر آزاد کشمیر میں تاریخ رقم ہوئی، رول آف لا اور تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر چلیں گے ،دریں اثناء ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں صدر مسعود خان نے نو منتخب وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس سے انکے عہدوں کاالگ الگ حلف لیا،تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کرپشن سے پاک ریاست ہمارا مشن ہوگا،پاکستان جیسے احتساب کے نظام کوآزادکشمیر میں بھی رائج کریں گے، انہوں نے کہا میں وزیراعظم عمران خان ،علی امین گنڈا پور ،سردار تنویر الیاس،بیرسٹر سلطان محمود کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا،انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر افواج پاکستان کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو لائن آف کنٹرول پر ہماری سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں۔ادھر عبد القیوم نیازی کے وزیر اعظم بننے پر آبائی علاقے بھمبر میں جشن کا سماں ہے۔ علاوہ ازیں نومنتخب وزیر اعظم نے یوم استحصال کے موقع پر ایک بیان میں کہا میں بھارت کو بتانا جاتا ہوں کہ ریاست جموں وکشمیر آپ کے لیے کوئی تر نوالہ ثابت نہیں ہو گا،دفعہ 35اے کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، واضح رہے کہ سردار عبد القیوم نیازی کا تعلق کنٹرول لائن پر واقع گاؤں درہ شیر خان سے ہے،انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1982 میں بطور ڈسٹرکٹ کونسلر ضلع پونچھ آزاد کشمیر سے کیا،آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سے خاندانی طور پر تعلق رہا، 2006 میں پہلی بار مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اور اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا، 2006 سے 2011 تک وزیر مال، جیل خانہ جات اور وزیر خواراک بھی رہے، 2011 اور 2016 میں انتخابات میں حصہ لیا، 2016 میں انتخابات میں ان کا خیال تھا کہ انہیں زبردستی ہرا دیا گیا جس پر نے اپنی پارٹی قیادت کو معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا لیکن قیادت کی جانب سرد مہری کا مظاہرہ کیا گیا جس پر سردار عبد القیوم نیازی نے شدید احتجاج کیا اور بعد ازاں ایک سال مسلم کانفرنس کیساتھ ناراض رہنے کے بعد تحریک انصاف آزاد کشمیر کا حصہ بن گئے۔ سردار عبد القیوم نیازی کا تعلق ’’دولی مغل‘‘ قبیلے سے ہے اور نیازی انکا عرف ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں