145

صدر علوی آئین شکنی کے مرتکب، ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کیلئے عہدے کا استعمال کیا، گورنر پنجاب کے معاملے پر آئین کا مذاق بنایا، وفاقی کابینہ

اسلام آباد(اے پی پی،ٹی وی رپورٹ) وفاقی کابینہ نے صدر عارف علوی کے کردار کو آئین سے ماورا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کیلئے عہدے کا استعمال کیا، گورنر پنجاب کے معاملے پر آئین کا مذاق بنایا، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صدر مملکت کے کردار پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ گورنر پنجاب عمر چیمہ کے اقدامات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا، کابینہ ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صدر اور گورنر پنجاب نے آئین، قانون، پارلیمان، جمہوریت کی توہین کی، حکومت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کیلئے آئینی اختیار استعمال کیا، وفاقی کابینہ نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ ملک سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، اداروں پر حملہ آور ہونے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا، وفاقی کابینہ نے گورنر پنجاب کے معاملے پر وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا، وفاقی کابینہ نے رمضان پیکیج کے تحت آٹے اور چینی کے نرخ برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جسکے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے جبکہ چینی 85 روپے سے کم کرے 70 روپے کلو کی گئی ہے، وفاقی کابینہ نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، کابینہ نے 30لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے اور 1947 پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زیادہ غیرملکی پاسپورٹوں کو منسوخ کرنے کی منظوری دیدی جبکہ ایم ڈی بیت المال ظہیرعباس کو ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے سعودی عرب اور یو اے ای کے دورہ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہم دوست ممالک کے ساتھ ایک ایسا اسٹرٹیجک پلان لیکر گئے ہیں جو صرف گرانٹ پر مبنی نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کیلئے پراجیکٹس، روزگار، ریلیف کے ایک پورے وژن پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی نے کابینہ کو ملک میں بجلی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ٹرانسمیشن، لوڈ شیڈنگ پر مکمل جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، پچھلے چار سالوں کے دوران گندم کی کاشتکاری کے دوران کوئی مراعات نہیں دی گئیں، 2018ء میں ڈی اے پی کی بوری 2600 روپے کی تھی جو اس وقت 10 ہزار روپے میں مل رہی ہے، جس وقت گندم کی کاشت ہو رہی تھی اس وقت ڈی اے پی دستیاب ہی نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ محمد مسعود ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشن شپ کو بطور ممبر پاکستان آرڈیننس فیکٹری تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ کابینہ نے ایڈمرل (ر) سلمان الیاس کو ایم ڈی شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کے ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے 1974ء کے پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زائد غیر ملکی پاسپورٹس کو منسوخ کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسے پاسپورٹس کو نہ صرف منسوخ کیا جائے بلکہ آئندہ اس کی روک تھام کیلئے حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دو پاسپورٹس منسوخ کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔وفاقی کابینہ نے 30لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے فواد اسد اللہ خان کو ڈی جی آئی بی تعینات کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ممبر فنانس واپڈا کوچیئرمین کا اضافی چارج دے دیا۔کابینہ نے محمد مسعود کو ممبر پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور ایڈمرل (ر) سلمان الیاس کو شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کے ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں 1947 پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زیادہ غیرملکی پاسپورٹوں کو منسوخ کرنے کی منظوری دےدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئین شکنی جاری ہے، عمران خان آئین پر حملے کو دہرا رہے ہیں۔وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، آج ملک میں لوڈشیڈنگ صفر ہے، سو ارب روپے اضافی دیئے جائیں تو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کم کرسکتےہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے پنجاب کے اندر دوبارہ آئین شکنی کی جا رہی ہے، عمران خان کی آئینی شکنی میں غنڈہ گردی بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے چینی کی ایکسپورٹ پر مکمل پابندی لگا دی ہے، چینی برآمد کرنے پر پابندی لگانے کا مقصد چینی کی قیمت کو عوام کے لئے سستا کرنا ہے جس میں صوبے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں