153

شہباز کابینہ کا حلف،31 وزراء، 3 وزرائے مملکت اور 3 مشیر شامل، ایوان صدر میں تقریب، چیئرمین سینیٹ نے حلف لیا

اسلام آباد(نمائندہ نیوز ‘ایجنسیاں)نئی وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھالیا‘ وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں 31وزرا‘3وزرائے مملکت اورتین مشیر شامل ہیں ‘ کابینہ میںمسلم لیگ (ن)کے 16‘ پیپلزپارٹی کے 11‘جے یوآئی (ف) کے 4‘ایم کیوایم پاکستان کے 2‘بلوچستان عوامی پارٹی ‘ جمہوری وطن پارٹی‘ جہانگیر ترین گروپ اور مسلم لیگ (ق)کا ایک ایک وزیر شامل ہے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نےایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں نئے وفاقی وزراءاور وزراء مملکت سے حلف لیا۔ نئی کابینہ میں جن وزراءکو وفاقی وزیر کی حیثیت شامل کیا گیا ہے ان میں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ،ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر‘ مریم اورنگزیب‘ سعد رفیق، مفتاح اسماعیل‘ جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، مرتضی جاوید عباسی، اعظم نذیر تارڑ، خورشید شاہ‘ نوید قمر، شیری رحمان،قادرپٹیل، شازیہ مری،مرتضی محمود، ساجد حسین طوری‘احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین، اسعد محمود، عبد الواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، سید فیصل علی سبزواری، محمد اسرار ترین، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور طارق بشیر چیمہ شامل ہیں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر اور عبد الرحمٰن خان کانجو کو کابینہ میں وزراءمملکت کا قلمدان دیا گیا ہے۔کابینہ میں قمر زمان کائرہ، انجینئر امیر مقام اور عون چوہدری کو مشیروں کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔نمائندہ جنگ کے مطابق بلاول بھٹو ‘شاہد خاقان‘محسن داوڑ ، اے این پی ،بی این پی (مینگل ) کابینہ کا حصہ نہیں بنے ‘بلاول بھٹو ایوان صدر کی تقریب میں موجود تھے لیکن حلف اٹھانے والے وزرا ء کی ترتیب میں ان کی کرسی خالی تھی‘ مفتاح اسماعیل کا نام آخری وقت میں وزراء کی فہرست میں شامل کیا گیا ،پہلے انہیں مشیر خزانہ کا عہدہ دینے کی تجویز تھی‘ محسن داوڑ کا نام بھی مجوزہ وزرا ء کی فہرست میں شامل تھا لیکن ان کا نام رات کو فہرست سے خارج کیا گیا۔ ادھر کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کے قلمدانوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مفتاح اسماعیل خزانہ ‘ رانا ثناء اللہ داخلہ ‘خواجہ آصف دفاع ‘مریم اورنگزیب اطلاعات ‘سعد رفیق ریلوے اور نویدقمر تجارت کے وزیر ہوں گےجبکہ حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا قلمدان سونپا گیاہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق مفتاح اسماعیل کو آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 9 کے تحت وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل سینیٹ یا قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں۔مفتاح اسماعیل آرٹیکل 91(9) کے تحت چھ ماہ تک وفاقی وزیررہ سکیں گے ‘اسکے بعد انہیں عہدہ چھوڑنا ہو گا اور قومی اسمبلی یا سینٹ الیکشن سے منتخب ہونا ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق خواجہ آصف دفاع‘احسن اقبال منصوبہ بندی و ترقی اور مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بنا دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق ریلوے اور ہوا بازی کے وفاقی وزیر ہوں گے جبکہ سید خورشید شاہ وفاقی وزیر آبی وسائل اور نوید قمر کو وزیر تجارت بنادیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق شازیہ مری کو تخفیف غربت اور سماجی تحفظ کی وفاقی وزیر اور سید مرتضی محمود کو صنعت پیداوار کا وفاقی وزیربنایا گیا جبکہ ساجد حسین طوری اوورسیز پاکستانیز اورانسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ وفاقی وزارت داخلہ، رانا تنویر حسین کو تعلیم، احسان الحق مزاری کو انسانی حقوق اور عابد حسین بھیو کووزارت نجکاری کا قلمدان دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کو وفاقی وزیر مواصلات بنا دیا گیا جبکہ عبدالواسع کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت اور مفتی عبدالشکورکو وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔سینیٹر طلحہ محمود کو وفاقی وزیرسیفران، امین الحق کو آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن اورفیصل سبزواری کو بحری امور کا قلمدان دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسرارترین کو دفاعی پیداوار، شاہ زین بگٹی کو نارکوٹکس کنٹرول اور طارق بشیر چیمہ کو نیشنل فوڈ سکیورٹی کی وزارت دی گئی۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا وزیر مملکت برائے خزانہ اور حنا ربانی کھر وزیر مملکت برائے خارجہ ہوں گی۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق قمر زمان کائرہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اورگلگت بلتستان ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں