224

شناختی کارڈ کی آن لائن تجدید!

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے قیام سے لیکر اب تک 21برسوں میں اس کے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں جس کی بدولت ہر پاکستانی شہری کا نام پتہ، عمر اور شناخت پر مشتمل ذاتی کوائف اس ادارے کے پاس محفوظ ہیں۔ آج انتخابی عمل، بینک اکاؤنٹ، پاسپورٹ، جائیداد و املاک، کسی بھی قسم کا لائسنس، اندرون وبیرون ملک سفر، موبائل فون اور سم کی خریداری، پنشن اور یوٹیلیٹی سہولیات سمیت بہت سے امور میں یہ ادارہ بنیادی اہمیت کا حامل، سیکورٹی اور جرائم جیسے معاملات میں متعلقہ اداروں کے لیے انتہائی فعال ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کے نادرا ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر ان کی طرف سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں خود کار نظام کے تحت نادرانے خاندانی شجرے کی تصدیق اور قومی شناختی کارڈ کی تجدید کا آن لائن طریق کار متعارف کرایا ہے جس کی بدولت ہر شہری ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے کارڈ کا نمبر اور اس کے اجراکی تاریخ 8009پر بھیج کر اہلِ خانہ کے افراد اور ان کے کوائف کی تصدیق کر سکے گا۔ پیغام کے جواب میں کارڈ ہولڈر کو مطلوبہ تفصیلات موصول ہوسکیں گی یہ استحقاق گھر کے سربراہ یا ب فارم ہولڈر کو حاصل ہے نیز معلومات کی درستگی یا کسی مشکوک اندراج کی تصدیق میں بھی کارڈ ہولڈر آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ تاہم اس ضمن میں نادرا کے پاس رجسٹرشدہ فون نمبر ہی کام آسکتا ہے۔ نادرا حکام کے مطابق یہ اقدام کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اُٹھایا گیا ہے تاکہ انسانی رابطوں میں احتیاط سے کام لیا جا سکے۔ اس نظام کی مستقل بنیادوں پر ضرورت ہے جس کی بدولت طویل قطاروں میں کھڑے ہونے والے شہری وقت کے ضیاع اور نادرا سینٹرز کا عملہ کام کے دباؤ سے بچ سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں