خطاب خاتون جنت کانفرنس 894

سید ثاقب اکبر (چیئرمین البصیرہ) خطاب خاتون جنت کانفرنس

سید ثاقب اکبر
(چیئرمین البصیرہ)
صدر محفل جناب صاحبزادہ نورالحق قادری صاحب میں کہوں گا کہ آپ شہیدوں کے وارث ہیں اور شہیدوں کی ماں کے نام پر برپا آج کی محفل میں تشریف لائے ہیں تو یہ شہیدوں کے ذکر اور انکی خوشبو سے معطر محفل ہے جناب محترم المقام صدر جماعت اہل حرم پاکستان، پرنسپل دارالعلوم جامعہ نعیمہ اسلام آباد اس محفل کے بانی میرے نہایت ہی پیارے اور محبوب دوست مفتی گلزار احمد نعیمی صاحب، جناب صاحبزادہ سلطان احمد علی صاحب، جناب پروفیسر محمد ابراہیم صاحب، جناب محترم قطب الدین صاحب اور تمام خواتین و حضرات آپ کی خدمت میں سلام پیش کرتا ہوں جس سے فاطمۃالزہراء راضی ہیں اس سے اللہ اور اس کا رسول راضی ہے اور جس پر آپ غضب ناک ہیں اس پراللہ اور اس کا رسول غضب ناک ہیں
میں سمجھتا ہوں کہ جو بی بی پاک سے محبت کا اظہار کرے آپ بہت ہی آسانی سے اس کے ایمان کی گواہی دے سکتے ہیں۔
میں ایک عرصہ سے ”خاتون جنت کانفرنس“میں شریک ہو رہا ہوں،میں شاہد ہوں مفتی گلزار احمد نعیمی کی نبی پاک سے ان کی پاک آل اورخاص طور پر فاطمۃ الزھراء سے ان کی محبت تو ان کی اولاد ہونے کی حیثیت سے،اس نسبت کی حیثیت سے میں گواہی دیتا ہوں اور ان شاء اللہ نبی پاک اور ان کی دختر پاک کی جن کو شفاعت نصیب ہو ان شاء اللہ میرا ایمان اور میرا دل یہ گواہی دیتا ہے کہ ان میں ہمارے محترم مفتی گلزار احمد نعیمی بھی شامل ہیں بڑی سعادت ہے چونکہ لفظوں کے ساتھ شاعر اور ادیب کا بڑا رشتہ ہو تا ہے یہ جو آپ نے سعادت اہتمام کا لفظ استعمال کیا ہے اس پر میرا دل وجد کی کیفیت میں ہے ایسے خوبصورت لفظ کا آپ نے انتخاب کیا ہے یہ بھی آپ کی کیفیت ایمانی کی شہادت دیتا ہے۔میں ایک بات صاحبزادہ نورالحق قادری صاحب کی موجودگی میں کہنا چاہتا ہوں کہ پوری دنیا میں خواتین کا دن منایا جاتا ہے پاکستان کو ہم نے آج مدینہ کی ریاست بنا نے کی طرف رخ کیا ہے اور کیوں نہ ہم یہ خواہش کریں کہ یوم خواتین کو یوم ولادت فاطمۃ الزھراء پر منایا جائے کیوں کہ یہ ریاست اللہ تعالیٰ نے ہمیں لیلۃ القدر میں عطا کی ہے محمد علی اور فاطمہ کی کوششوں سے یہ وجود میں آئی ہے۔اگر آپ خواتین کا دن منانا چاہتے ہیں تو سیدۃ النساء اھل الجنۃ سے بڑا نام کوئی نہیں ہے اور ان کے نام کی نسبت سے بڑا دن کوئی نہیں ہے۔
ایک ہمارے استا د تھے جب میں نویں جماعت میں تھا تو امام حسن وامام حسین کا ذکر آگیا تو میں نے کہا کہ نبی پاک نے فرمایا کہحسین منّی وانا من الحسین تو وہ کہنے لگے اس میں کون سی ایسی بات ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ میں حسین کا نانا ہوں اور حسین میرا نواسہ ہے میں نے کہا اچھا یہ لوگوں کونہیں پتا تھا یہ آپ بتا رہے تھے کہ حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں کہنے کا یہ مطلب ہے۔ آپ نبی پاک کی باتوں کے ساتھ اس طرح سے شوخی اور مذاق نہ کریں۔وہ اللہ کے رسول ہیں آخری نبی ہیں ان کی ہر بات عرش کریم سے جڑی ہوئی ہوتی ہے۔جب انہوں نے کہا کہ فاطمہ میرا ٹکڑا ہے اور کہا کہ میں اگر رسول ہوں توفاطمہ رسالت کا ٹکڑا ہے انہوں نے ایسے ہی محبت میں اپنی بیٹی سے نہیں فرما یا کہ وہ جنت کی عورتوں کی سردار ہیں ان کے مقام معنوی اور روحانی کی شہادت دی ہے۔
روایت میں ہے کہ جب بھی آپ تشریف لاتی تھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہو جاتے تھے اور اپنی چادر بچھا کر بی بی پاک کو اپنے ساتھ بٹھاتے تھے قیامت کے دن کے لیے بھی آپ نے گواہی دی ہے کہ ایک دم ایک آواز گونجے گی سر میدان محشر کہ یا اھل المحشر غضو ابصارکم اے اہل! محشر اپنی آنکھیں جھکا لو اپنے سر نیچے کر لو کہ محمد کی بیٹی فاطمہ آیا چاہتی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ فاطمۃ الزھراء برق رفتاری سے چالیس ہزار حوروں کے ساتھ گزر جائیں گی میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ قیامت کے دن حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی عادت کے مطابق کھڑے ہوں گے یا نہیں؟ اور تمام انبیا ء علیہم السلام بھی حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ کھڑے ہوں گے یا نہیں؟ اتنی بڑی عظمت کی کوئی نوید آپ کو کسی اور جگہ نہیں ملے گی۔
اگر ہم اس معاشرے کو جنت نذیر بنا نا چاہتے ہیں تو میں ایک تجویز پیش کرتا ہوں کہ اس پاکستان میں ریاست مدینہ کے تعلق سے یوم خواتین کا دن بی بی پاک کے ۰۲ جمادی الثانی جو آپ کا یو م ولادت ہے اس دن کو قرار دیا جائے اور میں توقع کرتا ہوں نبی پاک کے اس گھرانے سے کہ آپ اسکو ایک قرارداد کی صورت میں Moveکریں گے کیونکہ ہم ایسے یوم خواتین کیسے منا سکتے ہیں جب ہمارے سامنے کوئی اسوہ نہ ہو ابھی ہمارے کئی علماء نے کہا کہ یہاں فحاشی اور بدکاری عام ہورہی ہے اور اس کی وجہ بھی انہوں نے خود بیان کی اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری خواتین پاکیزگی، عصمت، پرہیز گاری کو اختیا ر کریں تو فاطمۃ الزھراء سلام اللہ علیہا سے ان کی نسبت کو قائم کرنا پڑے گا ایسی پاک ہستیوں کے ساتھ آپ جوڑیں گے تو ہمارے روحیں پاک ہوں گی اور ہمارے معاشرے پاک ہوں گے۔
کسی نے کہا کہ اگر آج بھی فاطمۃ الزھراء کی گو دمل جائے تو آج بھی حسن، حسین اس میں پالے جا سکتے ہیں۔نبی پاک سے جن کوعشق ہے وہ فاطمہ پاک سے ضرور محبت کرتے ہیں
نبی پاک نے فرمایا کہ مجھ پر ابتر اور ناقص صلوٰ ۃ نہ بھیجو تو صحابہ نے عرض کیا یا رسول اللہ ؐ وہ ابتر صلوٰ ۃ کیا ہے؟ تو آپ نے فرمایا: کہ مجھ پر درود بھیجو اور میری آل پر نہ بھیجو تو یہ ابتر درود ہے یہی وجہ ہے کہ تب تک ہماری کوئی نماز ہوتی نہیں جب تک ہم نبی پاک اور ان کی پاک آل پر درود نہ بھیجیں نبی پاک کا تقاضا یہ کہ ہم فاطمہ پاک سے محبت کریں اور ان کا احترام کریں۔