114

روس کی کیف پر حملے کی تیاریاں مکمل، امریکی برطانوی سفارتکاروں کے اہل خانہ کو یوکرائن چھوڑنے کا حکم

واشنگٹن /ماسکو (اے ایف پی) روس نے یوکرائن پر ملک کے مشرقی حصے میں روس پر حملے کی تیاری کا الزام عائد کیا ہے ،اے ایف پی کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمترے پاسکوف نے کہا کہ آپریشن کا خطرہ زیادہ بڑھ گیا اور یہ پہلے کی نسبت بہت زیادہ ہے۔ دوسری جانب روس سے جنگ کے خطرے کے پیش نظر امریکا ،برطانیہ اور آسٹریلیا نے اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو یوکرائن سے واپسی کا حکم دیا ہےجبکہ فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرائن کے غیر ضروری سفر سے روک دیا ہے ، نیٹو نے پیر کو بتایا کہ وہ اپنی فوجوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے مشرقی یورپ میں مزید بحری جہاز اور لڑاکا طیارے بھیج رہا ہے۔دوسری جانب روس نے نیٹو کے اس اقدام کو یوکرین کے مسئلے پر کشیدگی میں اضافے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ادھر یوکرائنی صدر نےیورپی یونین کو روس کیخلاف متحد ہونے پر زور دیا ہے ، صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے کہا کہ خطے کی سلامتی اور تحفظ کیلئے یورپی یونین ارکان کا متحد ہونا انتہائی اہم ہے۔ ٖغیر ملکی میڈیا کے مطابق روس اور یوکرائن تنازع شدت پکڑتا جا رہا ہے۔ امریکا اور برطانیہ نے یوکرائن کے معاملے پر روس پر کڑی تنقید کی بھی ہے اور دفاعی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔یورپی یونین نے کییف کے لیے سوا ارب یورو (ڈھائی کھرب روپے پاکستانی )کے مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یوکرائن کے روس کے ساتھ موجودہ تنازعے میں مدد کے مقصد سے ایک ہنگامی پیکج مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کی ادائیگی امداد اور ہنگامی قرضے کے طور پر کی جائے گی۔روس کی جانب سے کسی کو بھی خاطر میں نہ لانے پر جنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس پر امریکا اور برطانیہ نے یوکرائن اور روس کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔امریکا نے یوکرائن میں اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو فوری طور پر واپس آنے کا حکم دیتے ہوئے سفارتی عملہ بھی کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق یوکرائن میں سفارتی عملہ کم کیا جا رہا ہے تاہم کسی سفارت کار کو واپس نہیں بلایا گیا البتہ کوئی رضاکارانہ طور پر اہل خانہ کے ہمراہ آنا چاہے تو اجازت ہوگی۔اسی طرح برطانیہ نے بھی فوری طور پر یوکرائن میں موجود سفارت کاروں کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں نیٹو نے پیر کو بتایا کہ وہ اپنی فوجوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے مشرقی یورپ میں مزید بحری جہاز اور لڑاکا طیارے بھیج رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں