67

حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے اضافہ کردیا

حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے اضافہ کردیا
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ اضافہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں جسکے تحت بجلی کی قیمتوں میں 26 جولائی سے 3روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوگا،اگست سے 3روپے 50 پیسے اور اکتوبر میں 91 پیسے کا اضافہ ہوگا ،نومبر سے توانائی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائیگی اور دسمبر تک بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے تک ہو جائیگا، اگلے چند ماہ مشکل ہیں غریب ترین صارفین کو تحفظ دیا گیا ہے، غریب ترین شہریوں کیلئے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، ایک سے 50 یونٹ، پھر ایک سے 100 یونٹ اور 200 یونٹ تک اضافہ نہیں ہوگا، ملک کے 5 برآمدی شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر سستی بجلی اورگیس فراہم کی جائیگی۔ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہاکہ ملک کے برآمدی شعبے کو خطے کے ممالک کے مساوی بجلی و گیس ٹیرف دیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میں توانائی کا بحران ہے، کابینہ نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ غریب طبقے کیلئے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے ، جولائی میں بارشوں سے پن بجلی کی پیداوار ہوا ہے ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 26 جولائی سے بجلی ٹیرف میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے ، جون میں اوسط ٹیرف 21 روپے 50 پیسے فی یونٹ تھا ۔وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ سب کو مشکل کا سامنا ہے ، ہماری کارکردگی کے اثرات تین چار ماہ میں سامنے آئینگے ،تین چار ماہ بعد بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی ،بجلی کی پیداواری قیمت پر کچھ عرصہ نظر ثانی کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ سابق حکومت نے ری بیسنگ نہیں کی اور فیول ایڈجسٹمنٹ سے کام چلایا ، سابق حکومت نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے کام چلایا، بنیادی ٹیرف میں اضافہ سے یہ ختم ہو جائیں گی،یہ کام 2021 میں ہو جانا چاہیے تھا ۔ہمارے اقدامات سے اکتوبر نومبر سے بجلی ٹیرف میں کمی آئیگی ۔ وزیرتوانائی خرم دستگیر خان نے کہاکہ بجلی کے واجبات 3 ہزار ارب روپے ہو گئے ہیں ۔ وزیر نے کہاکہ سرکاری کمپنیوں میں دوست ممالک کی حکومتی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلئے نیا قانون بنایا جا رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ماہ شمسی توانائی پالیسی کا اعلان کریں گے ،روپے کی قدر میں استحکام آئے گا تو بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں