زینب کوبولڈ 714

حج کی سعادت حاصل کرنے والی پہلی برطانوی خاتون !

زینب کوبولڈ ، اسکاٹ لینڈ کے ارل آف ڈینمور کی صاحب زادی تھیں۔ ۱۸۶۷ میں پیدائش کے وقت ان کا نام لیڈی ایولن مرے رکھا گیا تھا۔ ان کا بچپن اپنی مسلم آیاوں کے ساتھ الجزائر اور قاہرہ میں گذرا تھا اور اسی دوران انہوں نے عربی پر عبور حاصل کر لیا تھا۔ ۱۹۳۳ میں انہوں نے اسلام قبول کیا اور نام زینب رکھا ۔ ان کی شادی ۱۸۹۱ میں جان ڈوپییس کوبولڈ سے ہوئی تھی، ۶۶ سال کی عمر میں انہوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا اور پہلی برطانوی خاتون تھیں جنہیں حج کی سعادت نصیب ہوئی تھی۔

زینب کوبولڈ نے اپنی یاد داشت میں لکھا ہے کہ وہ بچپن ہی میں محسوس کرتی تھیں کہ وہ مسلمان ہیں۔ لیکن پہلی بار انہوں نے پاپائے روم سے نجی ملاقات میں اچانک اعلان کیا کہ وہ مسلمان ہیں ۔ اس بارے میں زینب کوبولڈ نے لکھا ہے کہ وہ اٹلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ ٹھری ہوئی تھیں۔ ایک دن اچانک ان کے میزبان نے پوچھا کہ کیا وہ پوپ سے ملاقات کریں گی ؟ انہوں نے جواب دیا ۔۔۔ بے حد شوق سے۔!۔زینب نے لکھا ہے کہ جب میری پوپ سے ملاقات ہوئی تو پوپ نے پوچھا کہ کیا میں کیتھولک ہوں؟ میں اس سوال پر ٹھٹھک گئی لیکن پھر میں نے کہا کہ میں مسلمان ہوں۔ میں اس وقت تک مشرف بہ اسلام نہیں ہوئی تھی لیکن میری سمجھ میں نہیں آیا کہ مجھ پر کس بات کا غلبہ تھا کہ میں نے یہ کہا۔ اُس وقت مجھے ایسا لگا کہ کسی نے میرے ذہن میں اچانک ایک شعلہ بھڑکا دیا ہے ۔ اس کے کچھ عرصہ بعد میں نے اسلام کا باقاعدہ مطالعہ کیا اور میں نے اسلام قبول کیا۔

۱۹۳۳ میں فریضہ حج ادا کرنے کے بعد ۱۹۳۴ میں انہوں نے اپنے حج کے سفر کے بارے میں Pilgrimage to Mecca کے عنوان سے کتاب شائع کی جس میں انہوں نے مشرف بہ اسلام ہونے کی پوری تفصیل اور حج کے لئے جدہ سے کار کے ذریعہ مکہ معظمہ تک ریگستان کے سفر کا احوال لکھا ہے۔

زینب کوبولڈ کا جنوری ۱۹۶۳ میں ۹۵ سال کی عمر میں انتقال ہوا۔ ان کی نماز جنازہ ووکنگ مسجد کے امام شیخ طفیل نے پڑھائی۔انہیں اپنے وطن اسکاٹ لینڈ سے بے پناہ محبت تھی ۔ ان کی وصیت کے مطابق انہیں اسکاٹ لینڈ میں گلن کیرون میں ان کی جائیداد میں سب سے اونچی پہاڑی پر دفن کیا گیا اور ان کی وصیت کے مطابق ان کی قبر پر نصب لوح پر سورہ النور کندہ ہے۔ “اللہ تعالی نورہے آسمانوں اور زمین کا”
زینب کوبولڈ کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہوا۔ یہ بیٹا دوسری عالم گیر جنگ کی نذر ہوگیا۔ ان کے شوہر جا ن کوبولڈ کا ۱۹۲۹ میں انتقال ہوگیا تھا۔