620

جرمنی میں دو مساجد پر شرپسندوں کے حملے

برلن: جرمنی کی دو مساجد پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے حملے کیے گئے، حملہ آوروں نے بریمین شہر کی مسجد رحمان کو نشانہ بنایا، دوسری مسجد پر کیسل شہر میں حملہ کیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر بریمین میں واقع رحمان مسجد میں قرآن کریم کے 50 نسخے شہید کردئیے گئے جبکہ کیسل کی ایک مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے سنگ باری کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مسجد انتظامیہ کے صدر سیف الدین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی کے شہر بریمین میں زیادہ تر پاکستانی اور افغان باشندے آباد ہیں۔

بریمین میں پیش آنے والا واقعے پر وہاں موجود مسلمان برادری اپنے ردعمل کا اظہار سوشل میڈیا پر کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برلن میں غازی عثمان پاشا مسجد کو مسلسل دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے، ایک خط کے ساتھ بلٹ (گولی) بھی بھیجی گئی تھی۔

جرمنی میں اس سے قبل بھی مسلمانوں پر حملوں کے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جبکہ مسلم تارکین وطن کے خلاف نسل پرست کھلے عام نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر انتہا پسند سفید فام شخص نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 51 نمازی شہید اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔

Comments