77

تاجر کمائیں لیکن معاشی پہیے کو چلانے کے لیے اپنے واجب الادا ٹیکس وقت پر ادا کریں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

لاہور (نیوز رپوٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تاجروں پر واجب الادا ٹیکس ادائیگی پر زور، افطار ڈنر میں شرکت کرکے برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کیلئے کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کمائیں لیکن معاشی پہیے کو چلانے کے لیے اپنے واجب الادا ٹیکس وقت پر ادا کریں۔ مقامی ٹیکسٹائل اور رئیل اسٹیٹ ٹائکون میاں گوہر اعجاز کی جانب سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر دیے گئے افطار عشائیہ میں تقریباً 20بڑے کاروباری اداروں کے مالکان سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے 10ویں آرمی چیف نے تاجروں کو برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی تاکہ ملک انتہائی ضروری زرمبادلہ کے ذخائر حاصل کر سکے، برآمدات ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، سابق سوویت یونین 1991میں معاشی ناکامی کی وجہ سے زوال کا شکار ہوااور یہ کوئی فوجی شکست نہیں تھی جیسا کہ عام طور پر کچھ لوگ سمجھتے ہیں، ہمیں برآمدات پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے، قومی سلامتی معیشت سے جڑی ہوئی ہے۔ آرمی چیف نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دے کر بدلاؤ لائیں، جنرل باجوہ ڈھائی گھنٹے تک عشائیہ کے شرکاء کے ساتھ رہے جس کے دوران انہوں نے کاروباری رہنماؤں کی جانب سے ان سے پوچھے گئے بہت سے سوالات کا کھلے دل سے جواب دیا جبکہ انہیں تمام مطلوبہ تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ 3اکتوبر 2019کو پاکستان کے معروف کاروباری اداروں کے سربراہان نے بھی موجودہ چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کی تھی تاکہ ملک کی جمود کا شکار معیشت کے بارے میں اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کیا جا سکے اور معیشت چلانے والوں کو درپیش چیلنجز پر اپنا ان پٹ دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں