444

بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے پھر انکار، پاکستان میں صرف ایک ہفتے رکنے پر اصرار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے پھرانکار کر دیا۔بی سی بی کے صدر ناظم الحسن چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی ایڈوائس کے مطابق پاکستان میں صرف ٹی ٹوینٹی کھیل سکتے ہیں ، بنگلا دیش ٹیم پاکستان میںایک ہفتے کا مختصر قیام کرسکتی ہے، فیصلہ مشرق وسطی کی صورتحال دیکھتے ہوئے کیا‘صورتحال بہترہوئی تو بعد میں ٹیسٹ میچز کھیل سکتے ہیں ‘پی سی بی کو جلد باضابطہ آگاہ کر دیں گے۔ ادھر اگلے 24گھنٹے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی اور بنگلہ دیش بورڈ کے صدر نظم الحسن کی دبئی میں ملاقات کا امکان ہے اور دونوں آئی سی سی کے سامنے اپنے اپنے کیس رکھیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کی کوششیں اتوار کی شب اس وقت دم توڑ گئیں جب بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز کے بجائے تین ٹی ٹوئینٹی کھیلنے پر اصرار کیا۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش بورڈ کو تجویز دی تھی کہ اس کی ٹیم پہلا ٹیسٹ کھیلنے چھ دن کے لئے کراچی آئے اور پنڈی ٹیسٹ سے قبل پانچ دن کو گیپ کو اپنے ملک جاکر گذارے ۔ اس طرح کھلاڑیوں کو گھر میں رہنے کا موقع ملے گا اور وہ اپنے ملک میں آزادانہ گھوم پھر سکیں گے اور پھر دوسرے ٹیسٹ سے ایک دن قبل بنگلہ دیشی کرکٹرز دوبارہ پاکستان آئیں گے اور ٹیسٹ کھیلنے کے چند گھنٹے بعد وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اضافی فلائٹس کے اخراجات بھی خود برداشت کرنے کی تجویز دی تھی لیکن بنگلہ دیش بدستور تین ٹی ٹوئینٹی کھیلنے پر اصرار کررہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نظم الحسن کی ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے بعد لاہور میں احسان مانی نے سی ای او وسیم خان اور قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر اور قانونی مشیر سلمان نصیر سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں مستقبل کی حکمت عملی بنائی گئی ۔