77

بجٹ آج تنخواہوں پنشن میں 10 فیصد تک اضافہ متوقع

بجٹ آج تنخواہوں پنشن میں 10 فیصد تک اضافہ متوقع
اسلام آباد ( نیوز رپورٹ) آئندہ مالی سال 2022-23 کا وفاقی بجٹ آج جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو ڈاکٹر مفتاح اسماعیل وفاقی بجٹ اور فنانس بل پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافے کا بھی امکان ہے، انکم ٹیکس استثنیٰ ختم، پرتعیش اور غیر ضروری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔
آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس ریونیو کا ہدف 7255 ارب ر وپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے، آئی ایم ایف شرائط کے مطابق انکم ٹیکس استثنیٰ ختم کیا جائے گا اور پرتعیش اور غیرضروری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔
انفرادی انکم ٹیکس بڑے سلیب میں تبدیلی کی جائے گی اور ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا، وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 9500 ارب روپے ہوگا، ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں قرضوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے 4200 ارب روپے اور قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 3900 ارب روپے رکھے جائیں گے۔
دفاع کے لیے 1530 ارب روپے رقم مختص کرنے کی امکان ہے، وفاقی بجٹ میں 800 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجلی کی سبسڈیز کے لیے 500ارب روپے، آر ایل این جی پر سبسڈی کے لیے 20 ارب روپے اور صنعتی شعبے کے لیے 50 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
وفاقی ترقیاتی پروگرام کے 800 ارب روپے میں وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 538 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ این ایچ اے کے لیے 121 ارب51 کروڑ روپے، پاور ڈویژن کے لیے 49 ارب 61 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس کے لیے 90 ارب 83 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں