azad kashmir election 202

آزاد کشمیر الیکشن، عمران نے میدان مارلیا، ن لیگ حکومت بچانے میں ناکام، پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر

آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے 11ویں عام انتخابات میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے میدان مارلیا ‘ پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر رہی جبکہ مسلم لیگ (ن) کشمیر میں اپنی حکومت بچانے میں کامیاب نہ ہوسکی اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔جیت کی خوشی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے مظفرآبادمیں جشن منایا اور آتش بازی بھی کی ۔

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں سے43کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے25، پیپلزپارٹی 10‘مسلم لیگ (ن) 6 ‘مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے جبکہ آخری اطلاعات تک باقی ماندہ دو سیٹوں پر پی پی کے امیدواروں کو واضح برتری حاصل تھی ۔

پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم سرداریعقوب ‘ پی ٹی آئی کے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری ‘آزادکشمیر اسمبلی کے اسپیکر شاہ غلام قادر، ن لیگ کے کرنل وقاص ملک اور پی ٹی آئی کے سردار تنویر الیاس نے میدان مارلیا جبکہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ‘چوہدری محمد سعید اوربیرسٹرافتخار گیلانی سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں کو الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ن لیگ کے رہنماء اور آزادکشمیر کے موجودہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدربمشکل اپنی آبائی سیٹ صرف 490 ووٹ سے جیت سکے جبکہ دوسری نشست پر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق اتوارکوآزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے45حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے گئے۔ قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔

انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 1 میرپور ون سے تحریک انصاف کے اظہر صادق 12231 ووٹ لےکرکامیاب قرار پائے ۔حلقہ ایل اے 3 میرپور 3 میںپی ٹی آئی کے سلطان محمود چوہدری 18462 ووٹ لیکر جیت گئے۔

ایل اے 4 میرپور 4 سے پی ٹی آئی کے چوہدری ارشد حسین 22700 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ایل اے 5 بھمبر ون سے مسلم لیگ ن کے وقار احمد نور21799 ووٹوں سےکامیاب ہوگئے ۔

حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 سے تحریک انصاف کے نثار انصر ابدالی 23448 ووٹ لیکر جیت گئے ۔ حلقہ ایل اے 18 پونچھ اور سدھنوتی ون سے تحریک انصاف کے سردار عبد القیوم نیازی 24829 ووٹ لیکر جیت گئے۔

حلقہ ایل اے 19 پونچھ اور سدھنوتی 2 میں ن لیگ کے سردار عامر الطاف خان 13413 ووٹ لیکر جیت گئے، حلقہ ایل اے 21 پونچھ اور سدھنوتی 4 کےغیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سردار حسن ابراہیم خان 8205 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔

ایل اے 34 جموں ون سے تحریک انصاف کے چوہدری ریاض احمد 4559 ووٹ لےکرکامیاب ہوگئے ۔حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے تحریک انصاف کے چوہدری مقبول احمد 18883 ووٹ لیکر جیت گئے ۔

ایل اے 38 جموں 5 میں تحریک انصاف کے امیدوار محمد اکبر چوہدری 14143 ووٹ لیکر جیت گئے ۔ایل اے 40کشمیر ویلی ون سے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے عامر عبدالغفار 2165 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 پنجاب کے تمام 17 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان 2326 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔

حلقہ ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محمد عاصم شریف 1254 ووٹ لیکر جیت گئے۔ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے پی ٹی آئی کے جاوید بٹ 782 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ۔

اسی طرح ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2007 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ایل اے 45کشمیرویلی 6 کے تمام 41 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کےعبدالماجد خان 3138 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں