103

آئی ایم ایف قرضہ منظور

آئی ایم ایف قرضہ منظور
اسلام آباد(ایجنسیاں)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی توثیق کردی جس کے بعد آئی ایف ایف پروگرام بحال ہو گیا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی گئی۔آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر فوری ملیں گے اوراضافی 50 کروڑ ڈالر سے پیکیج کا سائز ساڑھے 6 ارب ڈالر ہوجائے گا۔قسط کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پروگرام کی بحالی کے بعد دوسرے عالمی مالیاتی اداروں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوسرے اداروں کی جانب سے پاکستان کے لیے فنانسنگ کا راستہ بھی کھل جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ الحمدللہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کیلئے توسیع پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اب 1.17 بلین ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں اقساط وصول ہو ں گی ۔ میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اتنے سخت فیصلے لئے اور پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ادھروزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ پروگرام کی بحالی پاکستان کی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت ہے‘آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہو کر نکلا ہے ‘ آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے‘ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پروگرام کی بحالی کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، دعا ہے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے، پر امید ہوں مسلم لیگ ن کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔اے ایف پی کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈڈیل میں ایک ارب ڈالر اضافے اور پروگرام کو جون 2023ء تک توسیع دینے کی درخواست پر بھی غورکررہاتھا۔ ایک ارب 17کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کے بعد پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈسے حاصل ہونے والی رقم 4ارب ڈالر سے تجاوزکرجائے گی۔
قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع، حجم 6.5 ارب ڈالر ہوگیا
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی گئی، پاکستان کے لیے قرض پروگرام کا حجم 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کی قسط منظور کرلی گئی ہے ۔ آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو توانائی کے نقصانات کم کرنا ہوں گے اور ٹیکس آمدنی بڑھانا ہوگی۔آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق پاکستان کو مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ یقینی بنانا ہو گا،کاروبار کرنے کا ماحول بہتر بنا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ بہتر اقدام ہے۔ آئی ایم ایف اعلامیےمیں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سماجی شعبے میں تحفظ اور حکومتی ملکیتی اداروں کی کارکردگی کوبہتربنانا ہوگا۔اعلامیہ میں کہاگیاہےکہ مالی سال 2022ءکی پالیسی اور یوکرین جنگ کی وجہ سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر اور روپے پر بہت دباؤآیا‘اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں‘مالی سال 2023ء کے منظور شدہ بجٹ پر ثابت قدمی کے ساتھ عملدرآمد پاکستان کی فوری ترجیح ہونی چاہئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں