188

اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹ کا حق

وفاقی حکومت نے قانونی سازی کا تین سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے کئی بلوں سمیت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور دیگر اصلاحات پر مشتمل الیکشن ایکٹ 2017ء میں ترمیم کا قانون کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ بلا شبہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی منظوری کو گزشتہ تین برس میں موجودہ اسمبلی کی سب سے بہترین قانون سازی قرار دیا جا سکتا ہے۔ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے پاکستان کے اندر رہنے والے عوام ہیں۔دیار غیر میں رہنے کے باوجود ان کے دل ہر لمحہ اپنے ملک کی محبت میں دھڑکتے رہتے ہیں۔وطن عزیز میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں وہ ان میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے شائق رہتے ہیں لیکن ان کے اس آئینی حق کو سابق ادوار میں کبھی بھی قابل اعتنا نہیں سمجھا گیا، حالانکہ ہماری معیشت کا ایک بڑا انحصار ان کی جانب سے بھیجی جانے والی رقم پر رہا ہے۔ اس طرح وہ عملی طور پرملکی معیشت کو سنبھالادینے والے پاکستانی ہیں۔رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 43فیصد اضافہ ہوا۔ ان پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور کر کے نا صرف ایک اہم قومی فریضہ کی تکمیل کی گئی ہے بلکہ اب اوور سیز پاکستانی ملکی تعمیر وترقی میں اپنا کردار زیادہ موثر طریقے سے ادا کر سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں