75

امریکی ڈرونز کو پاکستان کی اجازت ہےافغانستان

امریکی ڈرونز کو پاکستان کی اجازت ہےافغانستان
کراچی (نیوزایجنسیاں ) افغانستان میں طالبان کے قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان امریکی ڈرونز کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے، ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں اپنی فضائی حدود افغانستان کے خلاف نہ استعمال ہونے دیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دارالحکومت کابل میں ہونے والے ڈرون حملے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی گئی۔پاکستان کا کہنا ہے کہ اسے افغانستان کے قائم مقام وزیرِ دفاع کی جانب سے امریکی ڈرون کارروائیوں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے الزامات پر شدید تشویش ہے اور اس قسم کے بیانات سفارتی طرزِ عمل کے منافی ہیں۔دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی ثبوت کی غیرموجودگی میں جس کا اعتراف افغان وزیر نے بھی کیا، اس قسم کی قیاس آرائیوں پر مبنی الزام تراشی انتہائی افسوسناک ہے۔ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر یقین رکھتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے افغان حکام پر زور بھی دیا کہ وہ افغانستان کی جانب سے کیے گئے اس عالمی وعدے کو پورا کرے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ قبل ازیں برطانوی خبر ساں ادارے کے مطابق قائم مقام وزیر دفاع ملا یعقوب نے اتوار کو کابل میں پریس کانفرنس میں افغان وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’ہماری معلومات کے مطابق پاکستان کے ذریعے ڈرون افغانستان میں داخل ہوتے ہیں، پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہو رہی ہے۔‘’ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں اپنی فضائی حدود افغانستان کیخلاف نہ استعمال ہونے دیں۔‘محمد یعقوب نے صحافیوں کو بتایا کہ طالبان حکام انتہائی درست انداز سے امریکا کی جانب سے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ٹریکنگ کرنے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ اگست 2021ء میں انخلاء کے وقت امریکا نے ملک میں نصب ریڈار انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا، لیکن ہماری معلومات اور اطلاعات کے مطابق، افغانستان میں امریکی ڈرونز پاکستان کے راستے سے آتے ہیں، یہ ڈرون پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں