114

اسپیکر کو منحرف ارکان کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کی ہدایت، سندھ میں گورنر راج کیلئے سمری کی تیاری

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری شروع کردی گئی۔ادھرموجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان سے متعلق قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اجلاس میں عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے کہہ دیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آخری گیند تک لڑوں گا‘عوام میرے ساتھ کھڑی ہے اور اس سازش کا مقابلہ کروں گا‘کسی صورت میں اس خرید و فروخت کے سامنے نہیں جھکوں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ اراکین کیلئے نوٹوں کی بوریاں کھول دی گئی ہیں ‘ تین خواتین ارکان مخصوص نشست پر آئیں‘وہ ایسا کیسے کرسکتی ہیں، میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔آپ تمام لوگ ریلیکس رہیں، ان کےساتھ جو کرنا ہوگا میں خود کروں گا، 28 تاریخ کو سب معلوم ہوجائے گا، عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔دوسری جانب سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر داخلہ شیخ رشید کریں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا‘سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال کے تناظر میں سمری تیار کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزات داخلہ سندھ میں گورنر راج کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا سکتی ہے۔خیال رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دے دی ہے اور حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، جو لوگ وہاں گئے ہیں وہ جانیں اور ان کے حلقے کے لوگ جانیں لیکن یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سندھ کے لوگوں کا پیسہ وہاں استعمال کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں