191

کویتی ویزا کی بحالی

پاکستانی خاندانوں، تاجروں، ہنرمندوں اور محنت کشوں کے لئے دس سال سے بند کویت کے ویزا کی بحالی یقیناً ایک اچھی خبر ہے۔ اس فیصلے کا اعلان گزشتہ روز پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے دورۂ کویت کے موقع پر وزیراعظم کویت شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کویتی وزیراعظم کی خدمت میں وزیراعظم پاکستان کا خصوصی مکتوب بھی پیش کیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا کا اجراء فوری شروع کردیا جائے گا جبکہ پاکستانی کارکنوں کو کویتی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی نیز خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی اب آن لائن ویزا لے کر کویت جا سکیں گے۔ واضح رہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد ہی سے دونوں برادر مسلم ملکوں میں گہرے تعلقات قائم رہے ہیں تاہم 2011میں حکومت کویت نے سیکوریٹی خدشات کے باعث ایران، شام، افغانستان اور پاکستان کے شہریوں کیلئے ویزا کے اجراء پر پابندی عائد کردی تھی۔ وطن عزیز میں کئی سال پہلے دہشت گردی پر قابو پا لئے جانے کے باوجود کویت کا ویزا بحال کرانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں لیکن اس سمت میں تدریجی پیش رفت جاری تھی۔ گزشتہ سال نومبر میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا جبکہ رواں سال مارچ کے وسط میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانیوں کے لئے کویتی ویزا کی جلد بحالی کا امکان ظاہر کیا تھا جس کا باقاعدہ اعلان گزشتہ روز ہوا۔ اس فیصلے سے باہمی تجارت میں خاطر خواہ اضافے کے علاوہ پاکستانی ماہرین اور کارکنوں کو برادر ملک میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جس کے قومی معیشت پر یقیناً مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں