30

ڈی جی ISI تقرری وزیراعظم کا اختیار، وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر وزیراعظم کا اختیار ہے جس کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پراراکین کو اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے کو غلط رنگ نہ دیاجائے ‘اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں‘ہم ایک پیج پر ہیں اور معاملہ خوش اسلوبی سے جلد حل ہوجائے گا۔

آئی ایس آئی چیف کی تقرری کے نوٹیفکیشن سے متعلق قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دی جائے ۔ فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایاکہ وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ گزشتہ رات وزیراعظم اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔

آرمی چیف اور وزیراعظم کے آپس میں بہت قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔بہت لوگوں کی خواہش ہوگی مگر وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور پاکستان کی فوج یا سپہ سالار بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے وزیر اعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے سے قریبی تعاون‘ رابطہ اور تعلق ہے۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور اس پر بھی دونوں کا اتفاق رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ تقرر ہمیشہ وسیع البنیاد مشاورت کی بنیاد پر ہوتا ہے اور ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر قانونی طور پر تمام چیزیں مکمل کرنے کے بعد ہو گا۔

بعد ازاں صحافیوں نے دو تین ضمنی سوالات کئے اور پوچھا کہ اگر ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری قانونی طریقہ کار کے مطابق کی جا ئے تو کیا مو جودہ تقرری قانون کے مطابق نہیں ہے لیکن فواد چوہدری نے کسی سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ میں اس سوال کا جواب دے چکا ہوں ۔ انہوں نے با ضابطہ میڈیا کی تعریف کی اور کہا کہ اس نے اس معاملے میں سنسنی نہیں پھیلائی جس طرح سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ان دنوں وزیر اعظم آ فس کی جانب سے نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے تقرر کےنوٹی فکیشن کے اجراء کے ب حوالے سے مستقل قیاس آرائیوں کی لپیٹ میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں