40

ڈالر ریکارڈ 5 روپے مہنگاسونے کو بھی پر لگ گئے

ڈالر ریکارڈ 5 روپے مہنگا، سونے کو بھی پر لگ گئے
کراچی (رپورٹر ) کاروباری ہفتےکے پہلے ہی روز ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ بد ترین بے قدری کاشکار ہو گیا،انٹر بینک میں ڈالر4روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 5روپے تک مہنگا ہو گیاجس کی وجہ سے ڈالر ایک بار پھر215روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا ۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا ہونے سے روپیہ دباؤ کا شکار ہوا کیونکہ مارکیٹ پنجاب میں نئی متوقع حکومت کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہے ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آ ف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیرکو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 211روپے سے بڑھ کر215روپے اور قیمت فروخت211.25روپے سے بڑھ کر215.25 روپے ہو گئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر5روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 209.50روپے سے بڑھ کر214.50روپے اور قیمت فروخت210.50روپے سے بڑھ کر215.50 روپے پر جا پہنچی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 5روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 209روپے سے بڑھ کر214روپے اور قیمت فروخت212روپے سے بڑھ کر217روپے ہو گئی جبکہ6روپے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید 246روپے سے بڑھ کر252روپے اور قیمت فروخت250روپے سے بڑھ کر256روپے ہو گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہو گیا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں1550روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ42ہزار400روپے ہو گئی اسی طرح1329 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ22ہزار85روپے ہوگئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں