33

چوہدری برادران سے ن لیگی وفد کی ملاقات، عدم اعتماد پر مشاورت جاری

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی سے مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی وفد نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الہٰی ، فرخ خان اور سینیٹر کامل علی آغا شریک جبکہ ن لیگ کے وفد میں سردار ایاز صادق، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، رانا ثناء اللہ خان، خواجہ سعد رفیق اور عطااللہ تارڑ شامل تھے۔ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، دونوں جماعتوں کی قیادت نے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ق لیگ وفد کی زرداری،بلاول سے بھی ملاقات کی ،ن لیگی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے ن لیگ کے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے عدم اعتمادبارے اتحادی ملکر فیصلہ کریں،ن لیگ کے دوستوں نے ہمیں عزت بخشی، ن لیگ کے رہنما تحریک عدم اعتماد پر تعاون کی غرض سے یہاں تشریف لائے، اس سلسلے میں ایک دو روز میں مزید مشاورت ہوگی، تمام اتحادی جماعتوں کے اپنے اپنے مسائل ہیں، ہماری خواہش ہے کہ تمام اتحادی مل کر فیصلہ کریں، ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چودھری برادران کے ساتھ دہائیوں ملکر ایک ہی پلیٹ فارم پر کام کیا ہے، ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، سیاسی صورتحال پر بات کی اور تفصیلی مشاورت کی گئی، یہ سلسلہ کچھ دیر اور جاری رہے گا، گزشتہ دہائیوں میں پلوں کے نیچے سے پانی گزر گیا اور برف پگھل گئی ہے، چودھری پرویزالہٰی نے ہمارے اسیروں کے حوالے سے سٹینڈ لیا، ہمارے بیچ دوری نہیں ہے ،دریں اثناء مسلم لیگ ق کی قیادت آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئے زرداری ہاؤس گئی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں