16

پی ٹی آئی نے مجوزہ کمیشن مسترد کردیا

اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف نے غیر ملکی سازش کے الزام کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کے مجوزہ انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ کمیشن کا اعلان بدنیتی پر مبنی ہے‘ موجودہ حکومت امپورٹڈ سازش کا حصہ ہے‘ ہم صرف وہ کمیشن قبول کریں گے جو آزاد عدلیہ کے تحت ہو اور کمیشن کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔یہ فرح خان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس نہیں بنا سکے۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہمفتاح اسماعیل کہتے ہیں دیکھتے ہیں لوگ دھوپ میں کتنی دیر بیٹھتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو لوگ ایوانوں میں اور آپ دھوپ میں بیٹھیں‘فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت (آج) جمعہ کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں24فیصداضافہ ہوا ہے‘پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندربانٹ کی وجہ سے ملک بحرانوں میں ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں