44

پیٹرول کی قیمت میں کمی کو ریلیف کہیں یا الیکشن سے قبل سیاسی فیصلہ

پیٹرول کی قیمت میں کمی کو ریلیف کہیں یا الیکشن سے قبل سیاسی فیصلہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں اور ہمیں (بھی) ان قیمتوں میں کمی کرنے کا موقع ملا ہے۔‘
حکومت کی جانب سے گذشتہ مہینوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں قریب 60 فیصد اضافے کے بعد اب قریب 18 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کی وجہ فنانس ڈویزن کے مطابق ایک طرف تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ہے تو دوسری طرف عوام کو ریلیف دینے کی کوشش۔
اس اعلان کے بعد جہاں کئی لوگوں نے ’ٹینکی فُل‘ کروانے کے لیے پیٹرول پمپس کا رُخ کیا وہیں سوشل میڈیا پر قیمتوں میں کمی کی ’خوشخبری‘ کا خیر مقدم کیا گیا۔
مگر یہ ’ریلیف‘ یا پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل ’سیاسی فیصلہ‘ کب تک قائم رہ پائے گا، اس بارے میں بھی لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنی کمی کی گئی؟
فنانس ڈویژن کی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 18.50 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 230.24 روپے فی لیٹر ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت، جو 276.54 روپے فی لیٹر تھی، اس میں 40.54 روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب اس کی نئی قیمت 236 روپے ہے۔
کیروسین آئل یا مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 33.81 روپے کی کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 196.45 روپے فی لیٹر ہے۔ اس کی پرانی قیمت 230.26 روپے فی لیٹر تھی۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 34.71 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر قیمت 191.44 روپے ہوگئی ہے۔
قوم سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ انھیں امید ہے یہ آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ ہوگا اور ’اچھا وقت ضرور آئے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کی بارودی سرنگیں بچھائی تھیں جس کی وجہ سے ان کی حکومت کو ’دل پر پتھر رکھ کر‘ مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
’پیٹرول کی قیمت میں کمی کو ریلیف کہیں یا الیکشن سے قبل سیاسی فیصلہ‘
پیٹرولیم قیمتوں میں گذشتہ اضافوں کے بعد قریب ہر کوئی اس مسئلے پر اپنی رائے رکھتا ہے اور شاید اسی لیے سوشل میڈیا پر اس ’خوشخبری‘ پر بھی مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔
صحافی غریدہ فاروقی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’صرف تین ماہ کی حکومت؛ کٹھن معاشی/عالمی حالات کے باوجود وزیراعظم شہبازشریف کا پاکستانی عوام کو بڑا ریلیف بڑی خوشخبریاں! ویلڈن وزیراعظم!
’یہ بھی قابلِ تحسین ہے کہ سادگی کے تصور کو اپناتے ہوئے ایک مکمل سادہ بیک گراؤنڈ کے ساتھ قوم سے خطاب کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ فوکس صرف عوامی ریلیف کے متن پر رہے۔‘
صارف صاحبہ نوید نے رائے دی ہے کہ امید ہے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اثر بنیادی ضروریات کی اشیا کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔ مگر عبدالغفار کا خیال ہے کہ ’صرف پیٹرول سستا کرنا آدھا کام ہے۔‘
’ٹرانسپورٹ، دودھ، دہی، سبزیوں، پھلوں اور روٹی کی قیمتوں کا کیا؟ حکومت اب تمام متعلقہ اداروں کو حکم دے کر ان کی قیمتیں کم کروائے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں