39

پوپ فرانسس کی اپیل عالمی برادری پاکستان کی مدد کرے

پوپ فرانسس کی اپیل عالمی برادری پاکستان کی مدد کرے
اسلام آباد، استنبول،امارات، پیرس (خبرایجنسیاں) پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب کے بے شمار متاثرین، زخمیوں اور بے گھر افراد کیلئے دعا بھی کریں،ادھرپہلی امدادی کھیپ ترکیہ ،امارات سے پہنچ گئی،یو اے ای سے پرواز 3000ٹن سے زائد امدادی سامان بشمول خیمے، خوراک، ادویات لیکر نور خان بیس پہنچی، مزید 15 طیاروں کی آمد متوقع ہے۔استنبول سےطیارہ جناح ٹرمینل پہنچا،استنبول سےطیارہ جناح ٹرمینل پہنچا،کویت نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے امداد پہنچا دی،آذربائیجان کا 2ملین ڈالرز،قطر کا ایک لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان، فرانسیسی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کو فون کیا، بلاول نےاظہار یکجہتی اور مدد کی پیشکش پران کاشکریہ ادا کیا، دونوں رہنمائوں کےدرمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔تفصیلات کےمطابق اٹلی میں کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے لیے امداد کی اپیل کی ،ایک بیان میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ عالمی برادری یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کرے،پاکستان کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعا کریں، سیلاب کے بے شمار متاثرین، زخمیوں اور بے گھر افراد کے لیے ہم سب دعا کریں۔ادھر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے پہلی پرواز اتوار کو 3000ٹن سے زائد امدادی سامان بشمول خیمے، خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی دیگر اشیاء لے کر پی اے ایف بیس نور خان پہنچی،پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزیبی نے امدادی سامان وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کے حوالے کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی حکومتی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے یورپ سمیت دیگر کئی ممالک پاکستان کو امدادی سامان بھیج رہے ہیں، دوست ملک چین سے خیموں کی ایک کھیپ بھی جلد پہنچ جائے گی، جسے سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر فراہم کیا جائے گا۔ سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ترکیہ سے امداد لے کر ترکش ایئرلائن کا طیارہ کراچی پہنچ گیا،کراچی کے جناح ٹرمینل پر حکومتی عہدیداروں نے ترکیہ سے امدادی سامان لانے والےطیارے کا استقبال کیا،ترکیہ سے آئے امدادی سامان میں ادویات، خیمے، کمبل اور ضروریات کا دیگر سامان شامل ہے۔ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا جبکہ فرانسیسی خارجہ امور برائے یورپ کیتھرین کولونا نے پاکستانی خارجہ بلال بھٹو زرداری کو فون کرکے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کااظہار کیا، وزیر خارجہ نے فرانس کی اظہار یکجہتی اور ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ مدد کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزراء نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے اور مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب زمبابوے سے تعلق رکھنے والے مذہبی اسکالر مفتی اسماعیل مینک نے پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی ہے،ٹوئٹر پر جاری بیان میں مفتی مینک نے لکھا کہ میرا دل پاکستان کے لوگوں کے ساتھ ہے کیونکہ وہ برسوں کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں، مفتی مینک نے لکھا کہ دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کے لیے آسانیاں فرمائیں اور انہیں ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رکھے۔اسلامی اسکالر نے اپنے پیغام میںپاکستان میں سیلاب کے حوالے سے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں