ٹیکس اہداف حاصل نہ ہونے پر پٹرولیم مصنوعات پر GST لگائیں گے
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ٹیکس اہداف حاصل نہ ہوئے توپیٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی لگائیں گے، قطر پاکستان کی ائیر پورٹس کو طویل المعیادلیز پرلینے کا خواہشمندہے، بندرگاہوں میں بھی سرمایہ کاری کریگا، قطر نے ایل این جی پاور پلانٹس اورپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے ، نیویارک میں پی آئی اے کے ملکیتی روزویلٹ ہوٹل کو بیچنےکی خبروں میں صداقت نہیں، آئی ایم ایف کیساتھ شرح مبادلہ فکس کرنے سے متعلق کوئی وعدہ نہیں ہوا، وزیراعظم نے 300یونٹ والے صارفین کو رعایت دینے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے ، پاکستان میں عنقریب بڑی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے۔ توانائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کا 8 ہزار میگا واٹ سولر پلانٹس لگانے کا ارادہ ہے، قطر نے 8 ہزار میگاواٹ سولر پلانٹس لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سوموار کو آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈکا اجلاس ہو رہا ہے،حکومت نے چار ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کو پورا کر لیا ہے، یو اے ای نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیاہے ۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ شرح مبادلہ فکس کرنے سے متعلق کوئی وعدہ نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ملے گی، مارچ اور اپریل میں تیل کے مہنگے سودوں کے باعث بجلی مہنگی پیدا ہوئی تھی۔