334

ٹرمپ اوراسرائیل کا نام نہاد منصوبہ مسترد کرتے ہیں، مہاتیر محمد کا اعلان

ٹرمپ اوراسرائیل کا نام نہاد منصوبہ مسترد کرتے ہیں، مہاتیر محمد کا اعلان

مہاتیر محمد نے واضح طور پر کہا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اورمشرق وسطیٰ امن منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے والے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اسرائیل کے ہمراہ تیار کردہ نام نہاد مشرق وسطی امن منصوبہ سے خود مختار ریاستِ فلسطین کے قیام میں کسی قسم کی کوئی معاونت نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا تجویز کو ناقابلِ قبول اور غیر منصفانہ سمجھتا ہے۔ موجودہ حالات کو مزید بگاڑنے پر مبنی مذکورہ منصوبہ مقدس شہر القدس کو اسرائیل کو طلائی پلیٹ میں پیش کرنے کے مترادف ہے۔

مہاتیر محمد نے مزید کہا تھا کہ یہ منصوبہ اربوں انسانوں کو اشتعال دلائے گا، اسے یکطرفہ طور پر وضع کیا گیا ہے اور دیگر فریق فلسطین کی رائے تک نہیں لی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کو غیر اہم بنانے کی اجازت نہ دینا اور اسے پس پردہ ڈالنے کی کوششوں کو ناکام بنانا عالمی برادری کا فریضہ ہے۔ ملائیشیا ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی پارلیمانی القدس پلیٹ فارم کی تیسری کانفرس ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں شروع ہو گئی ہے۔ پہلی دو ترکی میں ہونے والی ان کانفرسوں کے سلسلے میں اس سال دنیا بھر سے 500 سیاستدان شرکت کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں