29

وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی اور اس حوالے سے پرویز الہیٰ نے بہت دیر کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی لوگوں کے رابطے جاری رہتے ہیں، موجودہ حالات میں مل کر ملک بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے بہت دیر کردی، وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جسے اپوزیشن نامزد کرے گی کیوں کہ نمبرز گیم ہمارے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کا رویہ تبدیل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، نہیں سمجھ پایا ق لیگ کا رویہ کیوں تبدیل ہوا، چوہدری صاحب نے رات مجھے مبارکباد دی اور صبح کچھ اور فیصلہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات سے متعلق اچھی خبر آئے گی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف بھی ملک کو مشکل ترین حالات میں چھور کر گئے تھے، اقتدار میں آ کر پرویز مشرف کے چھوڑے مشکل حالات کو حل کیا تھا، تحریک عدم اعتماد کو اس مقام تک لانے میں کردار میرا نہیں بلاول کا ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی جس پر 7 دن کے اندر اندر ووٹنگ کروائی جائے گی جب کہ وزیراعظم نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے کر پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے الزامات جھوٹے ہیں، عمران خان جھوٹا خط قوم کے سامنے لائے، جھوٹے الزامات لگانا عمران خان کی عادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے نمبرز پہلے سے زیادہ ہے، کوشش ہے اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں، ملکی مسائل کا حل نکالنے کیلئے اتفاق رائے ضروری ہے، ایم کیو ایم کے تمام مطالبات تسلیم کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کسی مطالبے پر انکار نہیں کیا، ملک اور کراچی کی بہتری کیلئے ایم کیو ایم کے ساتھ کام کیلئے تیار ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ لانگ ٹرم تعلقات کیلئے تیار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کل ایک تاریخی دن تھا، متحدہ اپوزیشن نے کل تحریک عدم اعتماد پیش کیا، کل بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا، آج اسلم بھوتانی کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ، پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مرحلے میں کھڑے ہو رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن اسلم بھوتانی کو سیلوٹ کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں