اسلا م آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکوعہدے سے ہٹانے سے انکارکردیا۔عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کی آخری واردات ہوگی اور ہم ان کو ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028 تک نہیں اٹھ سکیں گے‘ ڈاکوئوں کا گلدستہ اور چوروں کا ٹولہ جومرضی کرلے مقابلے کیلئے تیارہوں‘اللہ مجھے سرخرو کرے گا‘حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہوکر آئے گی‘ اس وقت مائنڈ گیم چل رہی ہے اور میں مائنڈ گیم کا ماسٹر ہوں‘ کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا، میں نے ساری تیاری کر رکھی ہے، فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے گی‘جہانگیر ترین کو میں جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے‘ اپوزیشن کے پیچھے ایک ہاتھ نہیں، کئی بیرونی ہاتھ ہیں۔عمران خان نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہے اور وہ صرف ان کو برے لگتے ہیں جو وزیر اعلی کے امیدوار ہیں‘ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہی اتنا شور نہیں مچا ہوا، ہر جگہ پیسہ چلا ہوا ہے، ارکان کو 18، 18 کروڑ روپے کی آفرز کی جارہی ہیں، یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں نے ارکان کو پیسے دیے، کسی نے کوئی ایکشن نہیں لیا جبکہ میں نے ارکان سے کہا کہ ان سے پیسے لیں اور غریبوں میں بانٹ دیں۔جو لوگ آزاد خارجہ پالیسی نہیں دیکھنا چاہتے وہ ان کو سپورٹ کرتے ہیں، ہمارے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، میں نہ تو امریکا کا مخالف ہوں نہ بھارت کا بلکہ ان کی حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتا ہوں۔اپوزیشن کے ساتھ عوام نہیں تو اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے امریکا، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ذریعے ہم پر دباؤ ڈالے لیکن اسے وقت آنے پر دیکھیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے تو فیصلہ کریں گے۔دریں اثناءمنگل کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکوئوں کا گلدستہ اور چوروں کا ٹولہ جومرضی کرلے مقابلے کیلئے تیارہوں‘اللہ مجھے سرخرو کرے گا‘ میراشمار دنیا کے ٹاپ کے کپتانوں میں ہوتا ہے ‘کپتان جب کھیلتا ہے تو ٘مخالف کو مدنظر رکھ کر اس نے ہرچیز کی منصوبہ بندی کی ہوتی ہے‘25سال سے معاشرے کے کمزور طبقے کے حقوق اور انصاف کے لئےجہاد کررہاہوں اللہ تعالیٰ مجھے اس میں کامیاب کرے گا، جب تک زندہ ہوں بلیک میل کرنے والوں کو این آراو نہیں دوں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت طلاق کی صورت میں عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کرے گی ‘ان کا کہنا تھا کہ طاقت ور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتے اور بلیک میل کرتا ہے اگر مجھے این آر او نہیں دیاتو میں حکومت گرا دوں گا، طاقت ور چوری کر کے لندن میں محلات خرید لیتے اور دندناتے پھرتے ہیں لیکن چھوٹے چور جیلوں میں ڈال دیئے جاتے ہیں، جو معاشرے کرپشن کو برا نہیں سمجھتے وہ زوال کا شکار ہو جاتےہیں اور لوگ محنت کرنا چھوڑ دیتے ہیں، کیونکہ اگر چوری کرکے پیسہ کمایا جا سکتا ہے تو محنت کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ بزدار کو ہٹانے سے انکار، فوج چوروں کا ساتھ نہیں دے گی، ایسی شکست دوں گا 2028ء تک اٹھ نہیں سکیں گے، عمران خان
- by akhtar