135

وزیراعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ ISI ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ملکی سلامتی، خطے کی پیشرفت پر بریفنگ

اسلام آباد(نیوز) وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے شرکاء کا استقبال کیا۔ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ میں اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملکی سلامتی، افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں خطے میں در پیش تبدیلیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے قومی سلامتی استحکام اور خوشحالی کیلئے آئی ایس آئی کی کوششوں کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں ملک کی فضائی حدود کے دفاع سے متعلق پیشہ ورانہ امور تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت ایئر فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام تر وسائل فراہم کریگی۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے موجودہ آپریشن اور تربیتی امور کے بارے میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں