29

میرا پیغام ہے آخری گیند تک لڑوں گا، عمران خان، آج کابینہ کا اجلاس طلب، قوم سے خطاب کریں گے

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ عمران خان آج شام قوم سے خطاب بھی کریں گے ۔ بدھ کو اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ قوم کیلئے میرا پیغام ہے کہ میں ہمیشہ پاکستان کیلئے لڑا ہوں اور آخری لمحے آخری گیند تک مقابلہ کرتا رہوں گا۔ ادھر وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر سپریم کورٹ کے فیصلےکو بدقسمت فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو غلامی کی طرف لے جانے کی کوشش ہے‘فیصلے نے سیاسی بحران میں بہت اضافہ کردیاجبکہ معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل کا کہنا ہے کہ لگتا ہے اب 1947 کی صورتحال میں واپس پہنچ گئے ہیں۔ذ رائع کے مطا بق قوم سے خطاب میں عمران خان اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز فیصلے کے بعد قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفیٰ دینے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں‘ ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 135 ارکان کے مستعفی ہونے کی صورت میں اتنے بڑے پیمانے پر ضمنی انتخابات کرانامشکل ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں