201

مودی نے کشمیر میں 500 مساجد شہید کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، مشعال ملک

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کشمیری شہدا کے دن کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں کشمیری حریت رہنما مشعال حسین ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، چیئرمین کشمیر کمیشن پاکستان رائے محمد نواز کھرل اور پروفیسر ظفر اقبال سندھو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔وزارت خارجہ سے کیریئر ڈپلومیٹ ذوالقرنین چینہ نے بھی آن لائن خطاب کیا۔ تقریب میں حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی نے اپنے والد کے لئے لکھی نظم بھی پیش کی۔ اس موقع پر ذوالقرنین چینہ کا کہنا تھا کہ کشمیری ثقافت، زبان، لباس اور روایات کو اجاگر کیا جانا چاہے، یونیورسٹیز کشمیر پر جامع ادب شائع کریں۔

مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ مودی موجودہ دور کا ہٹلر ہے، مقبوضہ کشمیر میں 500 مساجد کو شہید کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا، ان مساجد کو شہید کر کے وہاں مندر بنانے کا منصوبہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی زمین پر ہندوؤں کو قابض کیا جا رہا ہے، کشمیری تعلیمی اداروں اور سرکاری اداروں میں ہندوں کو نشستیں دی جا رہی ہیں۔ مشعال ملک نے جی سی یو کی کشمیر سوسائٹی کو دوسرے اداروں کیلئے رول ماڈل قرار دیا۔ جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ مشعال جرت اور ہمت کی پیکر ہیں، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جی سی یو ستمبر سے علامہ اقبال لاء سکول قائم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی سی یو میں 23 اگست سے آل پاکستان طلباء سوسائٹیز سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں 30 یونیورسٹیز کے طلباء شرکت کریں گے، اس سمٹ میں مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جی سی یو میں دو طلباء زیر تعلیم ہیں جو قوت سماعت سے محروم ہیں،ان طلباء کیلئے سائن انسٹرکٹر کو بھرتی کیا گیا ہے۔ بعدازاں جی سی یو کے نذیز احمد میوزک سوسائٹی نے نظمیں اور ملی نغمے بھی پیش کیے اور کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں