67

ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کی ڈبل سنچری مکمل، اوپن مارکیٹ میں 201 روپے کا ہوگیا

کراچی ( رپورٹر)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کی ڈبل سنچری مکمل ‘اوپن مارکیٹ میں 201روپے کا ہوگیا ‘یورو کی قیمت میں ایک روپے اور پاؤنڈ کی قیمت میں بھی 1.50 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ۔ یوروکی قیمت فروخت 208 جبکہ برطانوی پاؤنڈکی قیمت 246روپے 50پیسے ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق ڈالرکا بلندی کی جانب سفر جاری ہے،امریکی کرنسی انٹر بینک میں 3.25 روپے تک مزید ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر201 روپے تک پہنچ گئی ۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بے یقینی اور آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق حکومتی پالیسی سامنے نہ آنے کی وجہ سے مارکیٹ میں افواہوں کا بازار گرم ہےجس کی وجہ سے ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے ،ایکسپورٹرز اپنے ڈالر زیادہ قیمت حاصل کرنے کے لالچ میں سرنڈرنہیں کر رہے ،امپورٹرز زیادہ سے زیادہ ایل سیز کھول رہے ہیں،جس سے صورتحال خراب ہو تی جا رہی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق بیشتر ڈیلرز اوپن مارکیٹ میں ڈالر فروخت ہی نہیں کر رہے تاہم فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 3.25 روپے کے اضافے سے 195.50 روپے سے بڑھ کر 198.75 روپے اور قیمت فروخت2.75 روپے کے اضافے سے196.50 روپے سے بڑھ کر 199.25 روپے ہو گئی ۔اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 198.00 روپے سے بڑھ کر 198.25 روپے اور قیمت فروخت 199.00 روپے سے بڑھ کر 199.25 روپے ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں