22

مشرق میں امریکی تسلط کا سورج غروب ہو چکا ہے، مشاہد حسین سید

5 / 100

مشرق میں امریکی تسلط کا سورج غروب ہو چکا ہے، مشاہد حسین سید
افغانستان میں امریکہ کو شکست ایک تاریخی واقعہ ہے اور طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے، افغانستان میں اتفاق رائے سے ایک وسیع البنیاد حکومت قائم کی جائے، جس میں سب گروپوں کی نمائندگی ہو، افغانستان کی سرزمین پاکستان یا کسی بھی ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ افغان قیادت فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر آگے بڑھے تو روشن صبح کی کرن ضرور طلوع ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان ’’افغانستان میں دیرپا امن اور پاکستان‘‘ کے دوران کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

پروگرام کے باقاعدہ آغاز پر محمد بلال ساحل نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول پیش کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ 15 اگست 2021ء کو باضابطہ طور پر اس صدی کا اختتام ہوا، جسے امریکہ کی صدی کہا جاتا تھا، یہ صدی 1945ء میں شروع ہوئی تھی۔ مؤرخ لکھیں گے کہ اس دن 15 اگست کوایشین سنچری کا آغاز ہوا تھا۔ افغانستان پر بیس سالہ امریکی قبضے کا اختتام ہوا اور طالبان نے پُرامن طریقے سے کابل کا کنٹرول سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے کابل فتح کرنے سے امریکہ کی نااہلی کیساتھ نالائقی بھی ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق میں امریکی تسلط کا سورج غروب ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں