Skip to content

مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی، چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پاکستان کے قیام اور ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف نے پاکستان بھر میں مسیحی کمیونٹی کے زیر انتظام پبلک ویلفیئر، صحت و تعلیم کے اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے مسلح افواج میں شامل مسیحی برادری کی دفاع وطن میں خدمات کو خاص طور پر سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اعزازی آرچ بشپ نے دہشت گردی سے نمٹنے اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کوششوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ مسیحی برادری عوامی فلاح و بہبود کے لیے دل و جان سے کردار ادا کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *