ملا برادر 194

قندھار میں موجود طالبان کے شریک بانی ملا برادر کی آج کابل آمد متوقع

طالبان کے شریک بانی اور دوحہ میں ان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر افغانستان میں موجود ہیں، اُن کی آج کابل آمد کی توقع ہے۔

ملا برادر طالبان کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ گزشتہ روز افغانستان کے شہر قندھار پہنچے تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملا برادر کی آج قندھار سے کابل آمد متوقع ہے۔ ملا برادر کا تعلق پوپلزئی قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔

ملا برادر طالبان رہنما ملا محمد عمر کے سب سے قابل اعتماد سپاہی اور نائب رہے ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کو اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع ہوگیا۔

طالبان وفد نے سابق صدر حامد کرزئی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے پہلی باقاعدہ ملاقات کی۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق ملاقات میں افغان سینیٹ کے سابق چیئرمین فضل ہادی اور دیگر حکام بھی موجود تھے، سیاسی قیادت کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی ہے۔

دوسری طرف طالبان رہنما انس حقانی نے سربراہ حزب اسلامی گل بدین حکمت یار سے بھی ملاقات کی ہے۔

طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر جو گزشتہ روز قطر سے قندھار پہنچے تھے آج وہ کابل پہنچیں گے۔

ملا عبدالغنی برادر کی کابل آمد کے بعد طالبان اور مصالحتی کونسل میں حکومت سازی پر بات چیت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں