53

فوج کی طاقت عوام ہیں، عوام اور فوج میں غلط فہمیاں، دوریاں اور خلیج پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائیگا، آرمی چیف

راولپنڈی (خبرایجنسیاں، نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہےکہ فوج کی طاقت عوام ہیں،عوام اور فوج میں غلط فہمیاں، دوریاں اور خلیج پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائیگا،غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاستی سالمیت کو خطرہ ہوتا ہے، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بروقت ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے،دشمن قوتیں طویل عرصے سے فوج اور عوام میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کر رہی ہیں،ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گے،زیر حراست ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا،آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا،آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والے میجر حارث کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، واقعے کے ذمہ داران گرفتار کرلئے گئے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آرمی چیف نے بعدازاں گیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، آرمی چیف نے لاہور کور کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور تربیت کے معیار کو سراہا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست کی سالمیت اور یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثر مقابلہ کرنے کیلئے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے، دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہیں لیکن ان شاء اللہ دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں